ربادا کی تباہ کن بولنگ،تیسرا ونڈے افریقہ کے نام

لارڈز۔30 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ نے اپنے فاسٹ بولر کگیسو ربادا کی خطرناک بولنگ کی بدولت انگلینڈ کو سیریز کے تیسرے ون ڈے میچ میں باآسانی سات وکٹ سے شکست دے دی۔لارڈز میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو انگلینڈ کی لئے تباہ کن ثابت ہوا۔وین پارنیل اور خصوصاً کگیسو ربادا نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے انگلش بیٹنگ شعبہ کو درہم برہم کر دیا  اور ایک موقع پر صرف کے 20 کے اسکور پر چھ انگلش بیٹسمینس پویلین لوٹ چکے تھے۔اس موقع پر انگلش ٹیم ون ڈے کرکٹ میں اپنے سب سے کم اسکور پر آؤٹ ہونے کے خطرے سے دوچار تھی لیکن جونی بیئر اسٹو نے ڈیوڈ ولی کے ساتھ 62 رنز جوڑ کر اسکور کو 82 تک پہنچا دیا۔ولی کے آؤٹ ہونے کے بعد پہلا میچ کھیلنے والے رولینڈ جونز اور بیئراسٹو نے 52 رنز کی ساجھے داری قائم کر کے اپنی ٹیم کو مناسب اسکور تک رسائی دلانے کی کوشش کی لیکن کیشپ مہاراج نے بیئراسٹو کی اننگز کا خاتمہ کر کے انگلش ٹیم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔انگلینڈ کی پوری ٹیم 153 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ بیئر اسٹو 51، ڈیوڈ ولی 26 اور رولینڈ جونز 37 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا نے چار جبکہ وین پارنیل اور مہاراج نے فی کس تین وکٹیں حاصل کیں۔ایک آسان ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 95 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کر کے فتح کو یقینی بنایا۔55 رنز بنانے والے ہاشم آملا کے پویلین لوٹنے کے ساتھ ہی ڈی کوک اور فاف ڈیو پلیسی بھی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے لیکن اے بی ڈویلیئرز اور جین پال ڈومینی نے اس کے بعد کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور اپنی ٹیم کو 29ویں اوور میں ہدف تک رسائی دلا کر میچ میں سات وکٹ سے فتح حاصل کر لی۔اس میچ میں فتح کے باوجود تین میچوں کی سیریز انگلینڈ کے نام رہی جس نے ابتدائی دو میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔ ربادا کو شاندار بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ انگلش کپتان ایان مورگن سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔