ہانسی ( ہریانہ ) 10 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے آج کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی پر جوابی تنقید کی ہے ۔ راہول گاندھی نے پاکستان اور چین سے نمٹنے کے طریقہ کار پر این ڈی اے کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا ۔ بی جے پی نے جوابی وار میں کہا ہے کہ کانگریس کے نائب صدر کو یہ نظر نہیں آتا کہ این ڈی اے حکومت کیا کر رہی ہے کیونکہ وہ بیرونی چشمہ ( سونیا گاندھی کا حوالہ ) لگائے ہوئے ہیں۔ بی جے پی کے نائب صدر امیت شاہ نے یہاں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راہول بابا کہتے ہیں کہ سرحد پر فائرنگ کا سلسلہ چل رہا ہے ۔ حکومت کی تبدیلی سے کیا تبدیلی آئی ہے ؟ ۔ امیت شاہ نے کہا کہ راہول بابا آپ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔
میں آپ سے کہتا ہوں کہ کیا تبدیلی آئی ہے ۔ پہلے پاکستان فائرنگ شروع کرکے خود ہی فائرنگ روکتا تھا لیکن اب پاکستان نے فائرنگ شروع کی اور ہم نے اسے روکا ہے ۔ ہم پاکستان کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔ انتخابی جلسوں سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ سابق میں جب کانگریس کی حکومتیں تھیں پاکستان کے ساتھ بات چیت کے کوئی نتائج برآمد نہیں ہوئے ۔ تاہم ومیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان سے کہدیا ہے کہ کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے ۔ مودی نے پاکستان کے ساتھ بات چیت سے انکار کردیا جب اس ملک نے علیحدگی پسندوں سے بات کی ۔ اس سے ساری دنیا کو ایک پیام دیا گیا ہے ۔ راہول گاندھی نے سرحد پر پیش آر ہے واقعات پر مرکز کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ ایک طرف پاکستان کی جانب سے فائرنگ کی جا رہی ہے تو دوسری جانب چین ہندوستانی علاقہ میں گھس آر ہا ہے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ کچھ لوگوں کیلئے زبان استعمال کرنا بہت آسان ہوتا ہے لیکن کچھ کرنا بہت مشکل ہوتا ہے ۔
این ڈی اے سے اس کے اقتدار کے ابتدائی ایام ہی میں کام کاج سے متعلق سوال کرنے پر گاندھی خاندان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ کانگریس نے ایک ’’ گونگے ‘‘ وزیر اعظم کو پیش کیا تھا ۔ حکومت فیصلے کرنے میں غیر موثر تھی اور اس نے ملک میں جملہ گھریلو پیداوار کی شرح کو بھی گھٹادیا تھا ۔ انہوں نے صدر کانگریس سونیا گاندھی سے کہا کہ ان کے خاندان نے ملک پر 60 سال تک حکمرانی کی ہے اور ہمارا سوال یہ ہے کہ اتنے عرصہ میں آپ نے غریبوں کیلئے کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہریانہ میں آج بھی کئی گاوں ایسے ہیں جہاں پینے کیلئے پانی بھی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی 2019 کے انتخابات میں عوام کے سامنے اپنے کام کاج کی رپورٹ پیش کریگی ۔ بی جے پی نے ملک کو ایسا وزیر اعظم دیا ہے جو بولنا جانتا ہے ۔ گذشتہ دس سال میں ملک پر ایسے وزیر اعظم تھے جن کی آواز نہیں سنی گئی ۔