راہول گاندھی کی 44ویں سالگرہ

نئی دہلی۔/19جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس ورکرس آج انتہائی خوشگوار موڈ میں دیکھے گئے کیونکہ وہ آج پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی کی 44ویں سالگرہ منارہے ہیں۔ حالانکہ راہول گاندھی اس وقت دہلی میں نہیں بلکہ بیرون ملک کے سفر پر ہیں لیکن ان کی غیر حاضری کے باوجود پارٹی ورکرس کے جوش و خروش میں کوئی کمی نہیں آئی اور انہوں نے انتہائی جوش و خروش کے ساتھ ان کی سالگرہ منائی۔ پارٹی ورکرس کی قیادت جگدیش شرما نے کی جنہوں نے 44کیلو کا کیک کاٹا جبکہ صدر کانگریس سونیا گاندھی کی سرکاری رہائش گاہ 10جن پتھ اور 24اکبر روڈ پر واقع پارٹی ہیڈکوارٹرس کے درمیان پارٹی ورکرس نے آتشبازی کی اور ڈھول تاشے بجائے۔ اس موقع پر راہول گاندھی کے بڑے بڑے کٹ آؤٹس بھی گاڑیوں پر آویزاں کئے گئے تھے اور غریب خواتین میں ساڑیوں کی تقسیم بھی عمل میں آئی۔یاد رہے کہ حالیہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی شرمناک شکست کے بعد پارٹی نے پہلی بار کسی تقریب کا اہتمام کیا ۔