نئی دہلی ۔23 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نائب صدر کانگریس راہول گاندھی چند ہفتوں کیلئے آرام کرنا چاہتے ہیںچنانچہ انھوں نے سیاست سے طویل رخصت حاصل کرلی ہے تاکہ دہلی اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی ہزیمت سے ہوئی پشیمانی کی کیفیت سے باہر نکلا جائے ۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ راہول گاندھی کی چند ہفتوں کیلئے رخصت منظور کرلی گئی ہے ۔ وہ تازہ دم ہوکر لوٹنے کے بعد پارٹی اُمور میں سرگرم رول ادا کریں گے ۔ ذرائع کے بموجب صدر کانگریس سونیا گاندھی سے درخواست کی گئی تھی کہ حالیہ واقعات اور پارٹی کے آئندہ لائحہ عمل کے تعین کیلئے کچھ وقت دیا جائے ۔ راہول گاندھی کا خیال ہے کہ پارٹی آئندہ کل ہند کانگریس کمیٹی کے اجلاس میں جو راستہ اختیار کرے گی وہ مستقبل کیلئے انتہائی اہم ہوگا ۔ چنانچہ وہ اس کی تیاری کرنا چاہتے ہیں ۔ کانگریس کا مظاہرہ انتخابات میں انتہائی ناقص رہا اس کا آغاز گذشتہ سال لوک سبھا انتخابات سے ہوا اور مختلف ریاستوں بشمول دہلی میں کانگریس کی انتخابی ناکامیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ کل ہند کانگریس کا اجلاس امکان ہے کہ اپریل کے اوائل میں منعقد ہوگا اور اس موقع پر امکان ہے کہ راہول گاندھی کو صدر کانگریس مقرر کیا جائے گا ۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ راہول گاندھی واپس آنے کے بعد پارٹی میں بڑے پیمانے پر تنظیمی ردوبدل ہوگا۔