مئو ۔ 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) دلت افسانوی قائد ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی جائے پیدائش پر دبے کچلے طبقات تک رسائی حاصل کرتے ہوئے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے نریندر مودی حکومت کے خلاف ایک اور محاذ کھول دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مودی کی آئی آئی ٹی مدراس کے سلسلہ میں ’’خاموشی‘‘ ظاہر کرتی ہے کہ وزیراعظم پر تنقید بالکل درست ہے۔ امبیڈکر کی 125 ویں سالگرہ تقاریب کا آغاز کرتے ہوئے جو کانگریس کے زیراہتمام ایک سال جاری رہیں گی، راہول گاندھی نے کہا کہ وہ ان دیواروں کو منہدم کردیں گے جو بابا صاحب کے مقصد کی راہ میں حائل ہوتی ہیں۔ امبیڈکر نے پسماندہ طبقات کے حقوق کا شعور بیدار کیا ہے اور سماج میں احساس پیدا کیا ہیکہ فرق و امتیاز کی پالیسی نامناسب ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام واضح طور پر کہتا ہیکہ آج بھی عوامی حقوق چھینے جارہے ہیں اور ملک میں سماجی مساوات موجود نہیں ہے۔
آئی آئی ٹی ایم میں اجلاس ، اے پی ایس سی کا اٹل موقف
چینائی۔ 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) آئی آئی ٹی مدراس نے آج طلبہ کے بورڈ کا ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا تاکہ کارروائی سے دستبردار ہونے اور معذرت خواہی کے مطالبہ کے بارے میں فیصلہ کیا جائے۔ یہ فیصلہ عہدیداروں اور احتجاجی طلبہ کے درمیان مذاکرات میں طلبہ کی صف آرائی اور ان کے اٹل موقف کی بناء پر نہیں ہوسکا۔ طلبہ کے دیگر مطالبات میں غیرجمہوری قواعد و ضوابط سے دستبرداری اور اظہارخیال کی آزادی شامل ہیں۔