چینائی۔31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ڈی ایم کے صدر ایم کروناندھی کو آج چوتھے دن بھی شہر کے دواخانہ کے انٹینسیو کیر یونٹ (آئی سی یو) میں رکھا گیا ہے جہاں صدر کانگریس راہول گاندھی نے دورہ کرکے اُن سے ملاقات کی اور ان کی مزاج پرسی کی۔ راہول گاندھی نے کہا کہ کروناندھی کی صحت مستحکم ہے، میں نے ان سے ملاقات کی ہے، وہ صحت یاب ہورہے ہیں۔ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہورہی ہے ان کی صحت میں بہتری آرہی ہے۔ وہ ہمت والے شخص ہیں جیسا کہ تملناڈو کے عوام ہیں۔ ان کے اندر تملناڈو کا جذبہ بدرجہ اتم پایا جاتا ہے۔ کروناندھی سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ میں نے دواخانہ میں کروناندھی اور ان کے ارکان خاندان سے ملاقات کی۔ صدر کانگریس 15 منٹ تک دواخانہ میں موجود رہے۔ انہوں نے کہا کہ میری والدہ (سونیا گاندھی) نے بھی ان کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ کانگریس پارٹی کے ڈی ایم کے سربراہ کروناندھی کے ساتھ دیرینہ تعلقات رہے ہیں۔ راہول گاندھی کے ہمراہ تملناڈو کانگریس کے صدر تھرونا کارسر اور پارٹی لیڈر مکل واسنک بھی موجود تھے۔