راہول گاندھی وزیراعظم کی دوڑ میں شامل نہیں: ششی تھرور

کولکتہ ۔ 4نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے ہفتہ کے دن کہا کہ ماقبل انتخابات اور مابعد انتخابات اتحاد جو کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کے درمیان قائم ہورہا ہے اس کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں لیکن صدر کانگریس راہول گاندھی ممکن ہے کہ وزیراعظم کے عہدہ کی دوڑ میں شامل نہ ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ اس سے بھارتیہ جنتا پارٹی کو اقتدار کی دوسری میعاد حاصل نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے وزیراعظم کے عہدہ کیلئے کوئی فیصلہ نہیں ہوسکتا کیونکہ یہ ایک اجتماعی معاملہ ہے اور ممکن ہے کہ وہ (راہول گاندھی ) وزیراعظم کے عہدہ کی دوڑ میں شامل نہ ہوں ۔ کانگریس کا ایک قائد ہے اور اس کا ایک وسیع تر نظریہ ہے جو بی جے پی کی طرح نہیں ہے ۔ ہمارے پاس پرنب مکرجی ‘ پی چدمبرم اور دیگر افراد موجود ہیں جن کا ایک شاندار ماضی ہے ۔ راہول گاندھی کانگریس کارکنوں کے بحیثیت قائد غیر متنازعہ شخص ہیں ‘ اگر انہیں آزادی حاصل ہو اور انتخابات آزادانہ اور منصفانہ ہوں تو کانگریس کارکنوں کو یقین ہے کہ راہول گاندھی یقینی طور پر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوں گے ۔