راہول گاندھی وزارت عظمی امیدوار

بعض ریاستی قائدین کچھ وقت بعد فیصلہ کرینگے : اسٹالن
ویلوپورم ( ٹاملناڈو ) 23 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ڈی ایم کے کے سربراہ ایم کے اسٹالن نے آج اپنے ان ریمارکس کو دہرایا کہ کانگریس صدر راہول گاندھی کو اپوزیشن کا وزارت عظمی امیدوار بنایا جانا چاہئے ۔ انہوں نے یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ ریاستی قائدین اس مسئلہ پر بعد میں فیصلہ کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ سوال کر رہے ہیں کہ آیا میں راہول گاندھی کے نام کی بحیثیت وزارت عظمی امیدوار تجویز پیش کرسکتا ہوں یا نہیں ؟ ۔ اس میں غلط کیا ہے ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ اگر راہول گاندھی کے نام کی تجویز ہم نہیں پیش کرینگے تو کون کریگا ؟ ۔ کیا کوئی اس سے انکار کرسکتا ہے ۔ کچھ ریاستی قائدین اس تعلق سے اپنی اپنی ریاستوں میں اختلافات کو دور کرنے کے بعد فیصلہ کرنے کے حق میں ہیں۔ اسٹالن نے 16 ڈسمبر کو کہا تھا کہ راہول گاندھی کو ملک کا آئندہ وزیر اعظم بنایا جانا چاہئے ۔ انہوں نے نریندر مودی زیر قیادت بی جے پی کو شکست دینے ان کی صلاحیتوں کی ستائش کی تھی ۔