اہمیت گھٹانے کانگریس کی کوشش، سینئر قائدین سے بات چیت: جناردھن دیویدی
نئی دہلی 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس قائدین نے پرینکا گاندھی کی آج صبح یہاں اپنے بھائی اور نائب صدر راہول گاندھی کی رہائش گاہ پر منعقدہ اجلاس میں شرکت کی اہمیت کو گھٹانے کی کوشش کی۔ اس اجلاس میں پرینکا کی شرکت کے بعد سیاسی حلقوں میں زبردست ہلچل مچ گئی ہے۔ کانگریس کے ایک جنرل سکریٹری جناردھن دیویدی نے اے آئی سی سی کی روز مرہ کی پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ ’’پرینکا گاندھی ایک انتہائی اہم سیاسی خاندان کی رکن ہیں۔ ممکن ہے کہ وہ سرگرم سیاست میں حصہ لیتی ہوئی نہیں دیکھی گئی ہیں لیکن وہ ایک طویل عرصہ سے کانگریس کی سرگرم رکن ہیں۔
سیاسی مسائل پر ان کے اپنے کئی شخصی نظریات ہیں اور وہ وقفہ وقفہ سے اپنی پارٹی کے کارکنوں سے تبادلہ خیال کرتی رہی ہیں اور اس میں حیرت کی کیا بات ہوسکتی ہے کہ اُنھوں نے ان مسائل پر اپنی پارٹی کے سینئر قائدین سے تبادلہ خیال کیا ہے‘‘۔ واضح رہے کہ راہول گاندھی کی رہائش گاہ پر آج صبح بشمول احمد پٹیل و جناردھن دیویدی کانگریس کے تقریباً نصف درجن جنرل سکریٹریز کے ساتھ تبادلہ خیال کررہے تھے کہ پرینکا گاندھی بھی اچانک وہاں پہونچ کر اجلاس میں شامل ہوگئیں اور تقریباً پانچ منٹ تک وہاں موجود رہیں۔ حالیہ چند ماہ کے دوران قیاس آرائیوں میں اضافہ ہوا ہے کہ پرینکا جو تاحال اپنی والدہ و صدر کانگریس سونیا گاندھی کے حلقہ انتخاب رائے بریلی تک اپنی سیاسی مہمات کو محدود رکھی ہیں اب ہمہ وقت و مکمل طور پر سیاسی میدان میں قدم رکھیں گی۔ اس اجلاس میں ان کی شرکت سے ان قیاس آرائیوں کو مزید تقویت ملی ہے۔ اس دوران بی جے پی نے آج کہا کہ پرینکا گاندھی کا سرگرم سیاست میں داخلہ کانگریس کا اندرونی معاملہ ہے لیکن اس سے کانگریس کے انتخابی امکانات میں کوئی بہتری نہیں ہوگی۔ بی جے پی ترجمان سدھانشو ترویدی نے کہا کہ جہاں تک بی جے پی کا تعلق ہے ہماری قیادت بالکل واضح ہے اور ہماری مقصد 2014ء کے انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنا ہے۔