سارقین سے انصاف کا راہول کا فضائیہ ،فوجیوں اور ایچ اے ایل کو تیقن
لکھنؤ 25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی پر وزیراعظم نریندر مودی سے بدگوئی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے یوپی کے وزیر سدھارت ناتھ نے آج کہاکہ امیتھی کے ’’جھوٹوں کے بادشاہ‘‘ ہیں اور اُنھوں نے جھوٹ بولنے کی ڈگری حاصل کی ہے۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ صدر کانگریس عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ وہ حکومت یوپی کے ترجمان بھی ہیں۔ اُنھوں نے راہول گاندھی سے مطالبہ کیاکہ وہ یو پی اے حکومت کے رافیل سودے کے بارے میں فیصلہ کرنے کی تفصیلات سے عوام کو واقف کروائیں۔ یوپی کے وزیر نے الزام عائد کیاکہ راہول گاندھی اپنے جھوٹ کو سچ میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ بار بار جھوٹی باتیں دہرارہے ہیں۔ راہول گاندھی نے پیر کے دن امیتھی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی سے کئی مسائل پر بشمول رافیل سودا سوالات کے جواب طلب کئے تھے۔ دریں اثناء صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہاکہ وہ فوجیوں، فضائیہ کے عہدیداروں، شہید ہونے والے فوجیوں کے ارکان خاندان اور ایچ اے ایل کے کارکنوں کو تیقن دیتے ہیں کہ جن افراد نے اُن کے پاس سرقہ کیا ہے اُن کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔ راہول گاندھی نے اپنے ٹوئٹر پر نریندر مودی حکومت پر رافیل لڑاکا طیاروں کے سودے کے سلسلہ میں سخت تنقید کی۔ وہ حکومت پر رافیل سودے کے سلسلہ میں اپنی تنقید مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ایچ اے ایل 70 سال تک بے بس نہیں تھی لیکن اب رافیل طیاروں کے سودے کے سلسلہ میں اُسے بے بس بنادیا گیا ہے۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ اِس سودے کے نتیجہ میں حکومت کو 45 ہزار کروڑ روپئے کا نقصان ہوا ہے۔