انتہاء پسندی اور عدم رواداری کا ثبوت، دہلی پولیس میں شکایت:رندیپ سرجے والا
نئی دہلی ۔ یکم ؍ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) راہول گاندھی کے بعد آج دوسرے دن کانگریس پارٹی کے سرکاری ٹوئیٹر اکاونٹ کو ہیک کرلیا گیا۔ کسی نے پارٹی اکاونٹ میں انتہائی نازیبا اور غیرموزوں پیامات پوسٹ کئے۔ کانگریس نائب صدر راہول گاندھی کے ٹوئیٹر اکاونٹ کو ہیک کرنے کے بعد دہلی پولیس اور وزارت الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے تحقیقات شروع کردی ہے۔ وزیرآئی ٹی روی شنکر پرساد نے کہا کہ اس معاملہ پر انتہائی سنجیدگی سے تحقیقات کی جارہی ہے اور سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ راہول گاندھی کے ٹوئیٹر اکاونٹ کو کل ہیک کرنے کے بعد اس پر نازیبا فقرے پوسٹ کئے گئے تھے۔ کانگریس پارٹی کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے ہیکنگ کیلئے فسطائی طاقتوں کو موردالزام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انتہاء پسندی اور عدم رواداری کی تہذیب کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی ایسے معاملات میں گاندھیائی رواداری اور درگذر سے کام لے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہیکنگ سے ہندوستان میں سائبر سیکوریٹی نیٹ ورک کی کمزوری کا اظہار ہوتا ہے۔ کانگریس پارٹی نے دہلی پولیس کے سائبر سیل میں دو ٹوئیٹر اکاونٹس ہیک کئے جانے کی شکایت درج کرائی۔ بتایا گیا کہ کانگریس پارٹی اور راہول گاندھی کی ویب سائیٹس اور ای میل اکاونٹس ہیک کرلئے گئے۔
سرجے والا نے شکایت تحریرکراتے ہوئے فوجداری مقدمہ درج کرنے اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ دہلی پولیس نے اس معاملہ میں تحقیقات شروع کرتے ہوئے سوشل میڈیا سائیٹ کے انتظامیہ سے تفصیلات طلب کی ہے۔ آئی ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ سرجے والا نے توثیق کی کہ پہلے پارٹی آفس اور پھر ٹوئیٹر اکاونٹس کو نشانہ بنایا گیا۔ سرجے والا نے بتایا کہ انہوں نے کانگریس پارٹی کی جانب سے دہلی پولیس میں شکایت درج کرائی ہے اور اب یہ مودی حکومت کی ذمہ داری ہیکہ ڈیجیٹل سیکوریٹی کو یقینی بناتے ہوئے مجرمین کو سزاء دیں۔ انہوں نے کہا کہ اظہارخیال کی آزادی اور کسی رائے پر عدم اتفاق کے حق پرحملہ کیا جارہا ہے۔ اس طرح کے واقعات انتہاء پسندی اور عدم راوداری کی تہذیب کا مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی معاملہ میں کوئی لاجواب ہوجائے تو پھر اس طرح کی اوچھی حرکتوں پر اتر آتا ہے لیکن ایسے معاملہ میں ہم گاندھیائی رواداری کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے ٹوئیٹر پر ’’سب کو سنمتی دے بھگوان‘‘ (سب کو اچھی سمجھ دے بھگوان) تحریر کیا۔ قبل ازیں راہول گاندھی نے ٹوئیٹ کیا کہ ان تمام نفرت کرنے والوں سے وہ کہنا چاہتے ہیں کہ ’’میں ان سے محبت کرتا ہوں۔ آپ کافی اچھے ہیں ۔ آپ کی نفرت امید ہیکہ ختم ہوجائے گی‘‘۔