ممبئی ، 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایسی وکٹ جس پر کچھ ہری بھری گھانس نظر آتی ہے ، یہاں کے برابورن اسٹیڈیم میں بنگال اور مدھیہ پردیش کے کھلاڑیوں کی منتظر ہے جہاں کل پانچ روزہ رانجی ٹروفی کوارٹر فائنل میچ شروع ہورہا ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں کپتانوں بنگال کے منوج تیواری اور ایم پی کے ویٹرن دیویندر بوندیلا کا خیال ہے کہ اُن کی ٹیم کے پاس بہترین بولنگ اٹیک ہے جو اس وکٹ کا بھرپور فائدہ اُٹھائے گا ۔ دونوں ٹیموں کے پاس چند اچھے میڈیم پیسرس ہیں جو کم از کم ابتدائی وقت میں پیس بولنگ کیلئے سازگار حالات کا فائدہ اُٹھانے کی کوشش کریں گے ۔ بنگال میں جہاں انڈین ٹیم سے خارج اشوک ڈنڈا (اس سیزن رانجی چمپیئن شپ میں تاحال 31 وکٹیں ) اور ویر پرتاپ سنگھ (15 وکٹیں ) ہیں ، وہیں ایم پی ٹیم کے پاس دراز قد ایشور پانڈے (13 وکٹیں ) موجود ہیں جو انڈین ٹیم کیلئے ٹسٹ کھیل چکے ہیں۔ بنگالی کپتان تیواری نے کہاکہ اس وکٹ پر اسپنرس کے مقابل پیسرس کو زیادہ فائدہ حاصل ہوسکتا ہے ۔