رانجی ٹرافی ‘ گوا کے خلاف جھارکھنڈ کی شاندار کامیابی

پورورم ۔ یکم فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) رانجی ٹرافی گروپ سی کے ایک میچ میں جھارکھنڈ کی ٹیم نے گوا کے خلاف بآسانی آٹھ وکٹس سے کامیابی حاصل کرلی ۔ جھارکھنڈ کیلئے ثمر قادری اور شہباز ندیم بہترین اسپن بولنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی ۔ ثمر قادری نے پہلی اننگز میں چار وکٹس حاصل کئے تھے ۔ انہوں نے دوسری اننگز میں بھی تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 82 رنوں کے عوض پانچ وکٹس حاصل کئے ۔ اس طرح انہوں نے پورے میچ میں 146 رنوں کے عوض نو وکٹس حاصل کئے ۔ ثمر قادری کے ساتھ بائیں ہاتھ کے اسپنر شہباز ندیم نے بھی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا اور انہوں نے دوسری اننگز میں 60 رنوں کے عوض چار وکٹس حاصل کئے ۔ گوا کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف 223 رنوں پر آوٹ ہوگئی ۔ اس طرح دورہ کنندہ جھارکھنڈ کی ٹیم کو اپنی کامیابی کیلئے چار روزہ میچ کے آحری دن صرف 54 رنوں کی ضرورت تھی ۔ جھارکھنڈ کی ٹیم نے صرف دو وکٹس گنواتے ہوئے یہ نشانہ عبور کرلیا اور میچ جیت لیا ۔ گوا کیلئے دوسری اننگز میں کینن واز نے سب سے زیادہ 45 رن بنائے جبکہ کپتان سواپنل اسنوڈکر نے 38 رنز اسکور کئے تھے ۔ جھارکھنڈ نے 19.4 اوورس میں دو وکٹس کے نقصان پر 55 رن بناکر میچ جیت لیا ۔ویراٹ سنگھ اور شیو گوتم کے جلد آؤٹ ہوجانے کے بعد وکٹ کیپر ایشان کشن اور کپتان کمار دیوبراٹ نے ٹیم کو مزید کسی نقصان سے بچاتے ہوئے کامیابی سے ہمکنار کیا ۔ ایشان نے 29 ناٹ آوٹ رنز بنائے جبکہ کپتان کمار 17 کے انفرادی اسکور پر ناٹ آوٹ رہے ۔