ممبئی ، 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے بیٹسمن کرون نائر کے ٹاملناڈو کے خلاف ریکارڈ 328 رنز کسی رانجی ٹروفی فائنل میں اب تک کا عظیم ترین اسکور ہے، جس نے 68 سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا، جسے گُل محمد نے وڈوڈرا میں ہولکر کے خلاف بروڈہ کیلئے 319 رنز کے ساتھ درج کرایا تھا۔ نائر کی ریکارڈ اننگز نے عملاً اس میچ میں چوتھے روز ٹاملناڈو کی مقابلے میں واپسی کے کسی بھی امکان کو ختم کردیا۔ آر ونئے کمار زیر قیادت کرناٹک کی جوابی اننگز آج 762 پر ختم ہوئی اور اسے ٹاملناڈو (134) کے مقابل 628 رنز کی غیرمعمولی سبقت حاصل ہوئی۔ دوسرا آخری روز ختم ہونے تک ابھینو مکند کی ٹیم نے 113/3 بنائے ہیں۔اس سے قبل گل محمد کے 319 رنز رانجی ٹروفی فائنل میں اعظم ترین انفرادی اسکور تھا، جو 1946-47ء سیزن میں بنایا گیا تھا۔ موجودہ طور پر کسی رانجی ٹروفی فائنل میں ٹاپ پانچ انفرادی اسکورس یہ ہیں: 328 رنز منجانب کرون نائر، 319 رنز (گل محمد)، 288 رنز (وجئے ہزارے)، 278 رنز (وجئے مرچنٹ) اور 265 رنز (اشوک منکڈ)۔ کرون نائر اور کے ایل راہول کی 386 رنز کی پارٹنرشپ کسی رانجی فائنل میں چھٹی وکٹ کیلئے اعظم ترین ہے۔ انھوں نے موہندر امرناتھ اور سریندر کھنہ کے 256 رنز کی رفاقت کو پیچھے چھوڑ دیا جو دہلی کیلئے اترپردیش کے خلاف 1977-78ء میں بنائی گئی تھی۔