رام مندر کی تعمیر پر آرڈیننس کیلئے بی جے پی سے شیوسینا کا مطالبہ

نئی دہلی 13 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے آج بی جے پی سے مطالبہ کیاکہ پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن میں ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے لئے آرڈیننس لایا جائے۔ سینا کے قائدین نے ایوان میں پلے کارڈس تھامے ہوئے ایودھیا میں رام مندر کی جلد تعمیر کا مطالبہ کیا۔ ایوان میں شیوسینا قائد آنند راؤ اڈسل نے کہاکہ ’’بی جے پی نے واضح اکثریت حاصل کرنے کے بعد بھی ایودھیا میں رام مندر تعمیر کرنے کے سلسلہ میں کوئی پہل نہیں کی۔ ہم اس بات کا مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت اس مسئلہ پر ایک آرڈیننس لائے‘‘۔ انھوں نے کہاکہ گزشتہ میں جب بی جے پی اقتدار پر تھی تو اس نے مخلوط حکومت کی مجبوریوں کا تذکرہ کرتے ہوئے اس مسئلہ پر کچھ نہیں کیا تھا لیکن اس مرتبہ اس کو واضح اکثریت حاصل ہوئی ہے اس کے باوجود اس نے کچھ نہیں کیا۔ آنند راؤ نے کہاکہ بی جے پی نے ہندوتوا کے اس کے اصل ایشو کو فراموش کردیا ہے جو سینا ۔ بی جے پی اتحاد کے لئے اصل وجہ تھا اور یاد دلایا کہ بی جے پی کے سینئر قائد ایل کے اڈوانی نے رام مندر کی حمایت میں 1992 ء میں رتھ یاترا نکالی تھی۔