ایودھیا 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر مندر کے لئے جدوجہد کرنے والوں کے خوابوں کی تکمیل ہوگی، جنھوں نے اپنی زندگی اِس کاز کے لئے وقف کر رکھی ہے، یہ بات وشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی) کے ایک لیڈر نے بابری مسجد کے انہدام کے 25 سال کی تکمیل کے موقع پر کہی ہے۔ وی ایچ پی جو ہر سال 6 ڈسمبر کو اس انہدام کو ’شوریا دیوس‘ کے طور پر مناتا ہے، اُس نے ایودھیا اور اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں کئی خصوصی ایونٹس کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔ اِس دن کی تیاری کے طور پر وی ایچ پی کے اودھ ریجن کے شریک میڈیا انچارج امبوج اوجھا نے کہاکہ گروپ کے سربراہ اشوک سنگھل، مہنت اویدیا ناتھ، مہنت سری رامچندر داس پرم ہنس اور کارسیوکوں نے اِس کاز کے لئے اپنی جانیں قربان کردی ہیں۔ اوجھا نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ایودھیا میں رام مندر بلاشبہ اُن کے خوابوں کی تکمیل ہوگی۔ 6 ڈسمبر 1992 ء کو کارسیوکوں کے جم غفیر نے مندروں کے اِس ٹاؤن میں جمع ہوکر سولہویں صدی کی بابری مسجد کو ڈھادیا۔ جس کے ساتھ نہ صرف ریاست بلکہ ملک میں وسیع پیمانے پر تشدد پھوٹ پڑا تھا۔ اُس کے بعد سے وی ایچ پی ہر سال 6 ڈسمبر کو شوریا دیوس مناتا آیا ہے۔