نئی دہلی 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) فلم ’’دی ایکسڈنٹل پرائم منسٹر‘‘ پر تنقید کرتے ہوئے آر جے ڈی کے رکن پارلیمنٹ منوج جھا نے جمعہ کو الزام عائد کیاکہ پارٹی نے اس فلم کے لئے اپنے خزانے کھول دیئے ہیں اور کہاکہ رافیل جیٹ طیارہ معاملت، نوٹ بندی میں ہوئی مبینہ بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں اور کسانوں کی خودکشی پر بھی فلمیں بنائی جانی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ شراب کے تاجر وجئے مالیا اور نیرو مودی اور میہول چوکسی پر بھی فلمیں بنائی جانی چاہئے۔ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کے میڈیا اڈوائزر سنجے بارو کی تحریر کردہ ایک کتاب پر مبنی ایک سیاسی ڈرامہ کی فلم ’’دی ایکسڈنٹل پرائم منسٹر‘‘ کے ٹریلر کو جمعرات کو ممبئی میں ریلیز کیا گیا۔ اس بائیو پِک میں انوپم کھیر نے منموہن سنگھ اور اکشے کھنہ نے سنجے بارو کا رول ادا کیا ہے۔ اس فلم کے ٹریلر میں منموہن سنگھ کو 2014 ء کے عام انتخابات سے قبل کانگریس کی داخلی سیاست کے شکار کے طور پر دکھایا گیا۔ راشٹریہ جنتادل کے قائد نے کہاکہ ’’یہ اتفاق نہیں ہے۔ بی جے پی نین اس فلم کے لئے اپنی پارٹی کے خزانے کھول دیئے ہیں۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ میں نے ایک پارٹی کو ایک فلم کو پروموٹ کرتے دیکھا ہے۔ رافیل، نوٹ بندی، جی ایس ٹی، کسانوں کی خودکشی اور نیرو بھائی، وجئے بھائی اور میہول بھائی پر فلمیں کیوں نہیں بنائی جاتیں۔ ہم ان فلموں پر نظر رکھے ہوئے ہیں‘‘۔