سربراہان سری لنکا، افغانستان، نیپال، بھوٹان و مالدیپ کی شرکت کی توثیق
نئی دہلی ، 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی کی اس ملک کے 14 ویں وزیراعظم کے طور پر 26 مئی کی حلف برداری تقریب کیلئے جس میں سارک اقوام کے سربراہان شرکت کریں گے، راشٹرپتی بھون میں تیاریاں شروع ہوچکی ہیں۔ راشٹرپتی بھون کے ذرائع نے کہا کہ دوشنبہ کو شام 6 بجے کی پرشکوہ تقریب کیلئے سکیورٹی ایجنسیوں، دہلی پولیس اور مختلف وزارتوں کے عہدیداروں کے ساتھ رابطہ اجلاسوں کی صدارت اومیتا پال معتمد برائے صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کررہے ہیں۔
یہ پہلی مرتبہ ہے کہ سارک اقوام کے سربراہوں کو وزیراعظم کی حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔ وزارت امور خارجہ کو سری لنکا، افغانستان، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ سے توثیق وصول ہوچکی ہے۔ راشٹرپتی بھون میں تمام مہمان وی وی آئی پیز کیلئے ضروری انتظامات کئے جارہے ہیں۔ اٹل بہاری واجپائی کی تقلید میں مودی نے راشٹرپتی بھون کے وسیع و عریض برآمدے میں حلف لینے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
راجیو گاندھی کی برسی پر
بھی شکست کے بادل
نئی دہلی ۔ 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ویربھومی پر کل آنجہانی وزیراعظم راجیو گاندھی کی 23 ویں برسی پر بھی کانگریس کو حالیہ عام انتخابات میں ہوئی شکست فاش کے بادل چھائے رہے۔ ایک تو موقع ہی کوئی خوشی کا نہیں تھا دوسرے یہ کہ کانگریس کی حالیہ شکست فاش کی وجہ سے وہاں موجود گنتی کے چند افراد کے منہ اترے ہوئے تھے۔ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ، صدر کانگریس سونیا گاندھی، نائب صدر راہول گاندھی، پرینکا گاندھی اور ان کے شوہر رابرٹ وڈرا کے علاوہ چند کانگریس لیڈر ویربھومی پر موجود تھے جہاں راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔