نئی دہلی 18 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس زیرقیادت اپوزیشن پارٹیوں نے راجیہ سبھا میں وزیراعظم نریندر مودی کی مسلسل غیر حاضری پر احتجاج کرتے ہوئے پرزور مطالبہ کیاکہ ملک میں فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے پر مباحث کا جواب دینے کے لئے وزیراعظم کو ایوان میں موجود رہنا چاہئے۔ راجیہ سبھا کی کارروائی کے دوران مسلسل چوتھے دن بھی کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے ایوان میں وزیراعظم کی موجودگی کا مطالبہ کیا اور کہاکہ وزیراعظم کو فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کی کوششوں پر مباحث کا جواب دینا چاہئے۔ اپوزیشن نے اپنے مطالبہ کی یکسوئی پر زور دیتے ہوئے احتجاج جاری رکھا جس سے کارروائی میں خلل پیدا ہوا۔ اس پر حکومت کا کہنا ہے کہ وہ (اپوزیشن) ایوان میں اپنی عددی طاقت کا مظاہرہ کررہی ہے۔ تاہم اپوزیشن ارکان نے اپنے مطالبہ پر زور دیتے ہوئے ایوان کی کارروائی چلنے نہیں دی اور اس کو معطل کردیا گیا جس کے بعد اس مسئلہ پر بحث شروع کی گئی۔ سرکاری بنچوں نے اپوزیشن کے اس رویہ کی مخالفت کی۔
ایوان میں متواتر خلل اندازی کو دیکھتے ہوئے نائب صدرنشین راجیہ سبھا ی جے کورین نے دوپہر تک ایوان کی کارروائی ملتوی کردی۔ کانگریس کے آنند شرما نے کہاکہ اپوزیشن کے مطالبہ کو مسترد کرتے ہوئے اس حکومت نے اپنی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ یہ ایوان کی کارروائی جاری رہے لیکن وزیراعظم وزیراعظم کو ایوان میں حاضر ہوکر مباحث کا جواب دینا چاہئے۔ وزیر فینانس اور ایوان کے لیڈر ارون جیٹلی نے نے کہاکہ وزیراعظم ایوان میں تشریف لارہے ہیں اور بیان دیں گے۔ مرکزی وزیر کے اس جواب پر اپوزیشن نے عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ ارون جیٹلی نے کہاکہ دیگر ایوان لوک سبھا میں کارروائی حسب معمول جاری ہے۔ صرف راجیہ سبھا میں ہی کارروائی کو درہم برہم کیا جارہا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اپوزیشن پارٹیوں کو اپنی عددی طاقت کا گھمنڈ ہے۔ وہ اس عددی طاقت کی وجہ سے دھرمی پر اُتر آئی ہیں۔
یہ اپوزیشن ہی ہے جس نے ہٹ دھرم رویہ اختیار کرلیا ہے۔ حکومت نے نہیں۔ حکمراں این ڈی اے کو لوک سبھا میں زبردست اکثریت حاصل ہے البتہ راجیہ سبھا میں این ڈی اے اقلیت میں ہے۔ سی پی آئی ایم کے سیتارام یچوری نے کہاکہ لوک سبھا میں کارروائی اس لئے چل رہی ہے کیوں کہ وہاں پر اکثریت کا غلبہ ہے۔ آنند شرما نے کہاکہ پارلیمانی اُمور کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے کل ایوان میں بیان دیا تھا کہ ان کی پارٹی (کانگریس) کے رفیق وی ہنمنت راؤ نے ایوان کے وسط میں پہونچ کر احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم کے خلاف نہایت ہی بے ہودہ اور قابل اعتراض زبان کا استعمال کیا تھا۔ آنند شرما نے کہاکہ ہنمنت راؤ نے وزیراعظم کے خلاف کچھ نہیں کہا۔ اس سلسلہ میں کرسی صدارت کو تمام ریکارڈ کی جانچ کرنی چاہئے۔ ہنمنت راؤ صرف سرکاری بنچوں کی ہٹ دھرمی کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ براہ کرم آپ ایوان کی کارروائی کی جانچ کریں۔