نئی دہلی ۔ 31 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) راجیہ سبھا میں آج ڈرامائی صورتحال دیکھنے میں آئی جہاں حکومت کو پشیمانی کا سامنا کرنا پڑ ا کیونکہ پسماندہ طبقات دستوری ترمیمی بل پر اپوزیشن کی کئی ترمیمات کو منظور کیا گیا جس کی وجہ سے اس قانون سازی میں حکومت کو بڑی تبدیلیوں کیلئے مجبور ہونا پڑا۔ نیشنل کمیشن فار بیاک ورڈ کلاس کو اختیارات کے سلسلہ میں نئی دفعہ شامل کی گئی۔ اس بل کو جیسے ہی ایوان میں پیش کیا گیا ، حکمراں جماعت کے پاس درکار تائید نہیں تھی ۔ چنانچہ اپوزیشن کی چار ترمیمات پر رائے دہی ہوئی اور اسے منظور کرلیا گیا۔ حکومت کیلئے یہ صورتحال کافی پریشان کن ثابت ہوئی۔ ترمیمی بل اب لوک سبھا سے رجوع کیا جائے گا تاکہ اسے دوبارہ منظوری دی جائے۔