راجیہ سبھا انتخابات میں جنتادل (یو) کو آر جے ڈی کی تائید

پٹنہ ۔ 18 جون ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بہار میں تیزی سے اُبھرتی بی جے پی کے خلاف سیکولر طاقتوں کے دوبارہ اتحاد کا اشارہ دیتے ہوئے آر جے ڈی نے آج راجیہ سبھا میں جنتادل امیدواروں کی تائید کا اعلان کیا ہے ۔ نتیش کمار کی پارٹی میں بغاوت کے آثار کی بناء آر جے ڈی نے آج کہا ہے کہ اُس کے 21 ارکان اسمبلی دو راجیہ سبھا نشستوں کیلئے جنتادل ( یو ) امیدواروں کی تائید کریں گے ۔ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے کہاکہ اُن کی پارٹی بی جے پی کے ’’گیم‘‘ کو ناکام بنانے کیلئے حکمراں جنتادل ( یو ) کی تائید کرے گی ۔ بی جے پی نے دو آزاد امیدوار میدان میں اُتارے ہیں۔ لالو پرساد یادو ماضی میں نتیش کمار کو شدید تنقیدوں کا نشانہ بناتے رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ یہ تائید صرف موجودہ وقت کی مناسبت اور ضرورت کے لحاظ سے کی گئی ہے ۔ انھوں نے جنتادل (یو) کے ساتھ اتحاد کے امکان کے بارے میں پوچھے جانے پر صرف اتنا کہا کہ جب ایسی ضرورت ہوگی

اُس وقت دیکھا جائے گا ۔ لالو پرساد یادو نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ ماضی کو بھول جانا چاہئے ، مستقبل کے بارے میں فکر نہیں کرنی چاہئے اور حال کے بارے میں سوچنا چاہئے اسی لئے انھوں نے موجودہ ایجنڈہ ( راجیہ سبھا انتخابات ) کے پیش نظر یہ موقف اختیار کیا ہے ۔ وہ بی جے پی کے کھیل کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے ۔ جنتادل ( یو ) کے اسمبلی میں اسپیکر کے بشمول 117 ارکان ہیں اور اُسے 4 کانگریس ارکان اسمبلی کے علاوہ چند آزاد ارکان کی بھی تائید حاصل ہے ۔ حال ہی میں ہوئے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی ہزیمت کے بعد ارکان اسمبلی کا ایک گروپ بغاوت پر آمادہ ہے ۔ اس کی وجہ سے پارٹی کے دو امیدواروں کی کامیابی غیریقینی صورتحال سے دوچار ہے ۔ آر جے ڈی بھی انحراف کی وجہ سے پریشان کن صورتحال کا سامنا کررہی ہے اور اُس کی تائید کافی اہمیت رکھتی ہے ۔ جنتادل ( یو ) صدر شرد یادو پہلے ہی ایوان بالا کیلئے بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں لیکن پارٹی کے دیگر دو امیدوار پون ورما اور غلام رسول بلیاوی کو آزاد امیدوار انیل شرما اور صابر علی سے سخت مقابلہ درپیش ہے ۔