راجو نیپال کے اسپنرز کو گُر سکھائیں گے

نئی دہلی ، 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) سابق انڈیا لیفٹ آرم اسپنر وینکٹ پتی راجو زلزلے سے متاثرہ نیپال کی نیشنل کرکٹ ٹیم کی دھرم شالا میں جاریہ اُن کے 15 روزہ کیمپ میں رہنمائی کرنے والے ہیں۔ اسوسی ایٹ ممبرز کی ٹیموں کے ساتھ اپنی نالج کا تبادلہ کرنا راجو کیلئے نئی بات نہیں، جیسا کہ وہ ایشین کرکٹ کونسل میں ڈیولپمنٹ آفیسر کے اپنے رول میں یو اے ای اور تھائی لینڈ جیسی ٹیموں کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔ نیپال ہیڈ کوچ اور سابق سری لنکائی کھلاڑی پی دسانائیکے نے دھرم شالا سے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ ’’ہمیں مطلع کیا گیا ہے کہ وینکٹ پتی راجو 11 جون کو آرہے ہیں اور وہ ایک ہفتہ لڑکوں کی مدد کریں گے۔ وہ ہمارے اسپنروں کو گُر سکھائیں گے اور مجھے یقین ہے اُن کا رول واقعتاً ہماری مدد کرے گا۔ ہم نے سنا کہ مونٹی دیسائی (راجستھان رائلز کے ایک کوچ) بھی ہمارے ساتھ شامل ہوں گے۔ بی سی سی آئی نے کہا ہے کہ ہمیں دیگر ماہرین سے بھی مدد حاصل ہوگی‘‘۔