راجندر نگر میں سارقوں کی ایک ٹولی گرفتار

حیدرآباد /7 اگست ( سیاست نیوز ) راجندر نگر پولیس نے سارقوں کی ایک ٹولی کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے مسروقہ سامان سیل فون اور آٹو کو ضبط کرلیا ۔ ڈی سی پی شمس آباد زون محترمہ پدمجا ریڈی نے بتایا کہ راجندر نگر پولیس نے ایک ٹولی کو بے نقاب کیا ۔ پولیس کی پوچھ تاچھ کے درمیان اس 5 رکنی ٹولی نے اپنے جرم کو قبول کرلیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں 22 سالہ مہتاب ساکن چنتل میٹ 30 سالہ شیخ اکبر ساکن 9 نمبر 22 سالہ عرفان شریف ساکن جہاں نما 20 سالہ سید خواجہ ساکن 9 نمبر اور 30 سالہ مجید ساکن ایم ایم پہاڑی کو گرفتار کرلیا ۔ 3 اگست کے دن اس ٹولی نے چلکل گوڑہ علاقہ کے ساکن جی نوین کو لوٹ لیا تھا ۔ نوین ساتھیوں کے ہمراہ چنتل میٹ آیا تھا اور واپسی کے دوران اس ٹولی نے تعاقب کیا اور اس کا راستہ روک کر سیل فون اور 300 روپئے چھین لیا ۔ اس شکایت پر جاری تحقیقات کے دوران یہ ٹولی سامنے آئی اور پولیس کی پوچھ تاچھ کے دوران اس ٹولی نے جرم کو قبول کرلیا ۔ اس ٹولی کا اصل سرغنہ مہتاب 6 اور دوسرے نمبر کا ملزم 9 مقدمات میں ملوث ہے ۔ پولیس نے اس ٹولی کو عدالتی تحویل میں دے دیا ۔