راجناتھ سنگھ کو رپورٹ میں ممتا حکومت پر تنقید

نئی دہلی ۔ 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کی نظم و قانون کی صورتحال کو نازک قرار دیتے ہوئے بی جے پی کی ایک ٹیم نے مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ کو ریاست کے حقیقی منظرنامہ پر مبنی رپورٹ پیش کی جس میں پارٹی کارکنوں پر وحشیانہ حملوں کا تذکرہ کرتے ہوئے اس پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تشدد ریاستی حکومت کی زیرسرپرستی ہونا بھی ممکن ہے۔ علاوہ ازیں سرحد پار سے بنگلہ دیشی اسلامی بنیاد پرست گروپس ترنمول کانگریس حکومت کی زیرسرپرستی تشدد کی سیاست پر عمل آوری کررہے ہیں۔ بی جے پی کی ٹیم کی قیادت نائب صدور و ارکان پارلیمنٹ مختار عباس نقوی اور ایس ایس اہلوالیہ کررہے تھے جنہیں ریاست مغربی بنگال کی صورتحال کا جائزہ لینے صدر بی جے پی راجناتھ سنگھ نے روانہ کیا تھا۔