راجناتھ سنگھ کا عوامی مقامات کا اچانک دورہ

صفائی کا اہتمام نہ کرنے پر ناراضگی، عہدیدار معطل
نئی دہلی ۔ 18 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے آج دہلی میونسپل کارپوریشن کے دفتر کا اچانک معائنہ کیا اور ایک سینئر عہدیدار کو معطل کردیا جبکہ ایک اور عہدیدار کی مبینہ طور پر لاپرواہی برتنے پر سرزنش کی۔ نارتھ دہلی میونسپل کارپوریشن نے ڈپٹی کمشنر (سٹی زون) ہیمندر کمار کو فوری اثر کے ساتھ ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا ہے اور انڈین ریلوے ٹریفک سرویس واپس بھیج دیا۔ اس کے علاوہ کارپوریشن کے سینٹیشن سپرنٹنڈنٹ موہن سنگھ کو معطل کیا گیا۔ وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے آج اچانک سٹی زون آفس واقع آصف علی مارگ کا دورہ کیا اور انہوں نے دیکھا کہ ڈپٹی کمشنر غیرحاضر ہے۔ ان کے تاخیر سے پہنچنے کے بعد بھی وزیرداخلہ نے دفتر میں صفائی کا اہتمام نہ کرنے پر ناراضگی ظاہر کی اور کہا کہ ملازمین میں دستاویزات کو مؤثرانداز میں رکھنے کے تعلق سے دلچسپی نہیں پائی جاتی۔ وزیرداخلہ نے یہ ریمارک کیا کہ آج انہیں اندازہ ہوا کہ عوام میونسپل کارپوریشن دہلی سے ناراض کیوں ہیں؟ وزیرداخلہ نے مختلف عوامی مقامات بشمول ہاسپٹل، پولیس اسٹیشن، ریلوے اسٹیشن اور میونسپل آفس کا بھی اچانک دورہ کرتے ہوئے صفائی کے علاوہ عوام کو درپیش دیگر مسائل کا جائزہ لیا۔