راجناتھ سنگھ نے وزارت داخلہ کا جائزہ حاصل کرلیا

نئی دہلی 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) راج ناتھ سنگھ نے آج مرکزی وزیرداخلہ کے عہدہ کا جائزہ لے لیا۔ 62 سالہ راج ناتھ سنگھ لکھنو لوک سبھا انتخابی حلقہ سے کامیاب ہوئے ہیں اور سشیل کمار شنڈے کے جانشین ہیں۔ اُن کی اہم وزارت ملک کی داخلی سلامتی اور پاکستان، چین، بنگلہ دیش، نیپال اور بھوٹان سے متصلہ سرحد کے تحفظ کی ذمہ دار ہے۔ جائزہ حاصل کرنے سے قبل راج ناتھ سنگھ نے ملک کے اولین وزیرداخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے مجسمہ کی گلپوشی کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔ وزارت کے سینئر عہدیداروں نے مرکزی معتمد داخلہ انیل گوسوامی کی زیرقیادت گلدستے پیش کرکے اُن کا استقبال کیا۔ بعدازاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ ملک کے اتحاد کے لئے سردار پٹیل کی خدمات زبردست ہیں۔ ملک اُن کے احسان کا بدلہ کبھی نہیں اُتار سکے گا۔ وہ اُن کے عہدہ پر کام کرنے کے لئے منتخب کئے گئے ہیں اور یہ اُن کے لئے ایک اعزاز ہے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ کرن رجیجو نے بھی آج اپنے عہدہ کا جائزہ لے لیا۔ راج ناتھ سنگھ کو درپیش فوری مسائل میں نکسلائٹس کے تشدد سے نمٹنا، دہشت گرد تنظیموں کی کارروائیوں کا انسداد، پاکستان سے دراندازی روکنا، بنگلہ دیش سے غیرقانونی ترک وطن کا انسداد اور سراغ رسانی محکمہ کو مستحکم بنانا شامل ہیں۔ وزیرداخلہ دو میعادوں کے لئے صدر بی جے پی رہ چکے ہیں۔ اُنھیں صیانتی مسائل پر اعلیٰ سطحی کمیٹی نے ملک کے اِس اہم ترین عہدہ کے لئے منتخب کیا ہے۔