راجمندری کی جھاڑیوں میں نومولود لڑکی دستیاب

راجمندری ۔ 9 ؍ نومبر ( پی ٹی آئی) آندھراپردیش کے راجمندری ٹاون میں ایک نو مولود لڑکی دستیاب ہوئی ۔ پولیس نے کہا کہ ایک دن کی اس لڑکی کو جھاڑیوں میں پھینک دیا گیا تھا جس کو قریبی سرکاری ہاسپٹل میں شریک کر دیا گیا ہے ۔ راستے سے گذرنے والوں نے رام داس پیٹ علاقہ میں اس لڑکی کی نشاندہی کی جو جھاڑیوں میں پڑی ہوئی تھی ۔ بعدازاں انہوں نے پولیس کو اس واقعہ کی اطلاع دی ۔ پولیس نے فوراً وہاں پہنچ کر لڑکی کو بچا لیا اور بہبودی خواتین و اطفال کے تحت چلائے جانے والے سرکاری ہاسپٹل میں شریک کر دیا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے ۔ مقامی افراد کے مطابق کل رات اس علاقہ میں دو اجنبی عورتوں کو مشتبہ حالت میں گھومتا ہوا دیکھا گیا تھا ۔ پولیس نے کہا کہ سرکاری دواخانہ کے ریکاڈز دیکھنے پر پتہ چلا کہ ایک عورت کا تعلق راولا پالم اور دوسری کا حکم پیٹ سے ہے جنہیں کل اس ہاسپٹل میں لڑکی تولد ہوئی تھی ان دونوں کو کل رات ہاسپٹل سے ڈسچارج کیا گیا تھا ‘ ان دو میں سے کسی ایک نے نومولود لڑکی کو جھاڑیوں پھینک دیا تھا ۔