جئے پور 12 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان کرکٹ اسوسی ایشن میں جاری ڈراما آج نیا موڑ اختیار کرگیا جبکہ للت مودی گروپ کے معطل شدہ سکریٹری سمیندر تیواری نے پولیس میں مخالف گروپ کے لیڈر امین پٹھان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی ہے ۔ اس شکایت کے بعد للت مودی کے گروپ نے امین پٹھان کو معطل کردیا ہے اور الزام عائد کیا کہ ان کی وجہ سے راجستھان کرکٹ اسوسی ایشن کی رسوائی ہوئی ہے ۔ کل کوٹہ سے تعلق رکھنے والے بی جے پی لیڈر پٹھان نے ادعا کیا تھا کہ انہوں نے سابق آئی پی ایل کمشنر للت مودی اور سکریٹری تیواری کے علاوہ خازن پون گوئل کو راجستھان کرکٹ اسوسی ایشن کی 33 ضلع یونٹوں میں 23 کی مدد سے معطل کردیا ہے ۔ راجستھان کرکٹ اسوسی ایشن کے نائب صدر محمود عابدی نے اس معطلی کو غیر قانونی قرار دیا تھا ۔ آج راجستھان کرکٹ اسوسی ایشن کے خازن تیواری نے جیوتی نگر پولیس اسٹیشن جئے پور میں ایک شکایت درج کروائی جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ امین پٹھان اور ان کے حامیوں کی جانب سے راجستھان کرکٹ اسویس ایشن میں زبردستی داخلہ کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ مسٹر عابدی نے یہ بات بتائی ۔ ان کا الزام ہے کہ پٹھان کے ساتھ کچھ غیر سماجی عناصر بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امین پٹھان نے اسوسی ایشن میں داخلہ کیلئے پولیس کی مدد لینے کی بھی کوشش کی تھی ۔ پولیس کے انکار کے بعد وہاں ایک پولیس پکٹ بھی متعین کردیا گیا ہے تاکہ کسی بھی غیر قانونی کوشش سے ان کے عزائم کو روکا جاسکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ امین پٹھان کو اب خود راجستھان کرکٹ اسوسی ایشن کی جانب سے معطل کردیا گیا ہے ۔