جئے پور ۔ /27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے /7 ڈسمبر کو اسمبلی انتخابات کا سامنا کرنے والی ریاست راجستھان میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے پاس قیادت اور کوئی پروگرام نہیں ہے ۔ امیت شاہ نے جالور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اعادہ کیا کہ بی جے پی حکومت ملک سے تمام غیرقانونی مہاجرین کو ان کے متعلقہ ملکوں کو واپس بھیجنے کے عہد کی پابند ہے ۔ حکمراں جماعت کی طرف سے منگل کو جاری کردہ انتخابی منشور میں بھی یہ مسئلہ بیان کیا گیا ہے ۔ امیت شاہ نے مزید کہا کہ ’پھر ایک بار میں کہنا چاہتا ہوں کہ بی جے پی ہی دوبارہ حکومت بنائے گی ۔ کانگریس محض اپنی حکومت بنانے کے خواب دیکھ رہی ہے لیکن اس پارٹی کے پاس کوئی قیادت اور پروگرام نہیں ہے ‘ امیت شاہ نے کہا کہ بی جے پی 2019 ء کے لوک سبھا انتخابات میں بھی اقتدار پر اپنی قبضہ برقرار رکھے گی ۔ چیف منسٹر وسندھرا راجے کی مالیاتی انتظامی صلاحیتوں کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت ریاستی مالیہ اور آمدنی میں اضافہ کی ہے۔