راجستھان :کانگریس امیدواروں کی دوسری فہرست جاری

نئی دہلی ؍ جئے پور۔ 17 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے راجستھان میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کیلئے 32 امیدواروں کی ایک دوسری فہرست ہفتہ کو جاری کی اور حلقہ جھلراپٹن سے چیف منسٹر وسندھرا راجے کے خلاف سابق بی جے پی قائد جسونت سنگھ کے فرزند منویندرا سنگھ کو امیدوار بنایا ہے۔ یہ دوسری فہرست نئی دہلی میں کانگریس کے جنرل سیکریٹری اور راجستھان انچارج مکل واسنک کی جانب سے جاری کی گئی ۔ اس اپوزیشن جماعت نے جمعرات کی رات پہلی فہرست میں 152 امیدواروں کا اعلان کیا تھا۔ شیو سے بی جے پی کے سابق ایم ایل اے منویندرا سنگھ نے ستمبر میں زعفرانی پارٹی چھوڑ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی اور اب وہ جھلراپٹن کی نشست کیلئے مقابلہ کررہے ہیں جس کی نمائندگی 2003ء سے بی جے پی کی راجے کررہی ہیں۔ انتخابات میں کانگریس قائدین بشمول اشوک گیہلوٹ، سچن پائیلٹ مقابلہ کررہے ہیں۔