جئے پور / نئی دہلی 23 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان کابینہ کی کل تشکیل عمل میں آئیگی اور امکان ہے کہ 23 نو منتخب ارکان اسمبلی کو مجلس وزارت میں شامل کیا جائیگا ۔ کہا جا رہا ہے کہ 22 ارکان کانگریس کے اور ایک آر ایل ڈی کا ہوگا ۔ سمجھا جا رہا ہے کہ 13 کابینی درجہ کے اور 10 مملکتی درجہ کے وزرا ہونگے ۔ چیف منسٹر اشوک گہلوٹ اور ڈپٹی چیف منسٹر سچن پائلٹ نے 17 ڈسمبر کو حلف لیا تھا ۔ یہ دونوں تین دن تک دہلی میں قیام کرکے کانگریس صدر راہول گاندھی اور سینئر پارٹی قائدین سے بات چیت کے بعد آج دو پہر جئے پور واپس ہوگئے ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ گہلوٹ اور پائلٹ دونوں نے دہلی میں راہول گاندھی اور دوسرے قائدین سے مسلسل مشاورت کے بعد وزراء کے ناموں کو قطعیت دیدی ہے ۔ امکان ہے کہ جئے پور میں پیر کو تقریب حلف برداری 11.30 بجے دن منعقد ہوگی ۔ کل ہند کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارچ راجستھان امور اویناش پانڈے اور ریاست میں کانگریس مبصر کے سی وینو گوپال کے علاوہ دوسرے اہم قائدین تقریب حلف برداری میں شریک رہیں گے۔