جئے پور ۔ 24 فبروری۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین یوتھ کانگریس کا اسٹیٹ ونگ متنازعہ حصول اراضیات آرڈیننس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے 28 فبروری کو راجستھان اسمبلی کا گھیراؤ کریگا اور سابق یو پی اے حکومت کی جانب سے نافذ کردہ ایکٹ میں ترمیم سے باز آجانے کا مطالبہ کیا ۔ کانگریس رکن اسمبلی اشوک چندنا نے بتایا کہ پردیش یوتھ کانگریس کے ہزارہا کارکن 28 فبروری کو احتجاجی ریالی نکالتے ہوئے اسمبلی کا گھیراؤ کریں گے ۔ مسٹر اشوک چندنا جوکہ صدرپردیش کانگریس بھی ہیں کہا کہ مرکز اور ریاست میں برسراقتدار بی جے پی کی حکومتیں ، مروجہ ایکٹ میں ترمیم کے ذریعہ غریب کسانوں کی اراضیات ہتھیالینے کی کوشش میں ہے تاکہ ان صنعتکاروں کے حوالے کیا جاسکے جنھوں نے انتخابات میں زعفرانی پارٹیوں کی اعانت کی ہے۔ علاوہ ازیں یوتھ کانگریس نے برقی شرحوں میں اضافہ ، گیس سلینڈر کی سبسیڈی سے دستبرداری اور بیروزگاری میں اضافہ کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کیا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ مجوزہ احتجاج میں سینئر کانگریس قائدین بشمول صدر پردیش کانگریس سچن پائلٹ اور ارکان اسمبلی اور AICC قائدین شریک ہوں گے ۔ مدر ٹریسا کے خلاف آر ایس ایس سربراہ موہن بھگوت کے تبصرہ پر مسٹر چندنا نے کہا کہ میڈیا میں شہرت کیلئے آر ایس ایس اور بی جے پی قائدین اس طرح کے غیرشائستہ ریمارکس کررہے ہیں جسے مہذب سماج قبول نہیں کرسکتا ۔