جودھپور23نومبر(سیاست ڈاٹ کام )کانگریس جنرل سکریٹری اشوک گہلوت نے راجستھان اسمبلی انتخابات میں پارٹی کے حق میں زبردست لہر کا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ برسراقتدار بی جے پی سے ناراض ہیں۔راجستھان میں دو بار پارٹی کی حکومت کی کمان سنبھال چکے مسٹر گہلوت نے یہاں یواین آئی کے ساتھ خصوصی بات چیت میں کہا ہے کہ ریاست میں پارٹی کی زبردست لہر ہے ۔انہوں نے کہا کہ ،‘‘پوری ریاست میں کانگریس کی تائید میں زبردست ‘خاموش لہر’ہے ۔’’ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ انتخابات میں بی جے پی اور وزیراعلی وسندھرا راجے کے خلاف اندرونی ناراضگی ہے ۔ گہلوٹ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ محترمہ راجے عوامی پروگراموں میں لیڈروں اور لوگوں سے بڑی عاجزی کے ساتھ مل رہی ہیں۔اخبار میں تصویر آرہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر پچھلے پانچ برسوں میں وہ عوام کے ساتھ عاجزی و انکساری سے پیش آئی ہوتیں اور رانی ماں کی طرح برتاؤ کیا ہوتا تو آج یہ حالات پیدا نہیں ہوتے ۔