راجستھان رائلز کو آر سی بی سے شکست کا بدلہ لینے کا موقع

بنگلورو ، 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) رواں سیزن اپنے مقابلے میں ذلت آمیز شکست سے دوچار ہونے والے ٹیبل ٹاپرس راجستھان رائلز بڑے بے چین ہوں گے کہ پرجوش واپسی کرنے والے رائل چیلنجرس بنگلور کیخلاف انڈین پریمیر لیگ کے کل یہاں منعقد شدنی میچ میں اپنی ناکامی کا بدلہ لیں ۔ ان دونوں ٹیموں کے درمیان گزشتہ ہفتے منعقدہ مقابلے میں آر سی بی نے راجستھان رائلز کو 23 گیندیں باقی رکھتے ہوئے 9 وکٹ سے شکست فاش دیدی تھی جبکہ شین واٹسن زیرقیادت میزبان ٹیم کو محض 130 پر محدود رکھا گیا تھا۔ اور یہ شکست آنے والے کل راجستھان رائلز کے کھلاڑیوں کے ذہنوں میں یقینا تازہ رہے گی ۔ راجستھان رائلز موجودہ طورپر آٹھ مقابلوں سے پانچ کامیابیوں کے ساتھ 11 پوائنٹس جٹاکر سرفہرست ہیں۔ انھیں دو ناکامیاں ہوئی اور اُن کا ایک میچ بے نتیجہ رہا۔ دوسری طرف آر سی بی اتنے ہی مقابلوں سے چھ پوائنٹس لے کر چوتھی پوزیشن پر ہیں۔

پانچ لگاتار جیت درج کرانے کے بعد راجستھان رائلز کو دو متواتر ناکامیاں ہوگئیں اور وہ بلاشبہ جیت کی راہ پر واپسی کیلئے بے چین ہوں گے ۔ رائلز کی طرف سے اجنکیا راہانے جو اس سیزن سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں ، اور آسٹریلیائی اسٹیون اسمتھ عمدہ فام میں رہے ہیں اور ٹیم کو کل پھر ایک بار اس جوڑی سے بڑے اسکور میں مدد کی اُمید رہے گی ۔ اس کے علاوہ کپتان واٹسن کا آل راؤنڈ مظاہرہ بھی ٹیم کے کام آسکتا ہے ، جسے دیپک ہوڈا کے برق رفتار اسٹرائیک ریٹ (208.92) سے رنوں کی رفتار تیز تر رکھنے میں مدد ملتی رہی ہے ۔ بولنگ کے شعبے میں 43 سالہ لیگ اسپنر پراوین تامبے نے ہر کسی کو متاثر کیا ہے اور ابھی تک رواں سیزن 6 وکٹیں لے چکے ہیں۔

کرس مورس اور جیمس فالکنر کی موجودگی میں راجستھان کا پیس ڈپارٹمنٹ بھی محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ جہاں تک آر سی بی کا معاملہ ہے اس کا مظاہرہ تاحال ٹورنمنٹ میں ملا جلا رہا ہے جیسا کہ اُنھوں نے تین کامیابیاں اور اتنی ہی ناکامیاں درج کرائی ہیں۔ مگر دھیمی شروعات کے بعد آر سی بی ٹیم ایسا لگتا ہے کہ احمدآباد میں راجستھان کے خلاف اور فیروزشاہ کوٹلہ میں دہلی ڈیرڈیولس کے خلاف دو متواتر کامیابیوں کے ساتھ جیت کی راہ پر واپس ہوئی ہے ۔ تاہم ہوم گراؤنڈ پر ان کا مظاہرہ مایوس کن رہا ہے جو کل کے میچ میں ویراٹ کوہلی کی ٹیم کیلئے باعث تشویش ہوسکتا ہے ۔ آر سی بی والے ابھی تک ہوم اڈوانٹیج سے استفادہ میں ناکام رہے ہیں ۔ وہ سن رائیزرس حیدرآباد ، ممبئی انڈینس اور چینائی سوپر کنگس تینوں کیخلاف اپنے ہوم گراؤنڈ پر رواں سیزن مقابلے ہارچکے ہیں۔ اس کے باوجود آر سی بی کیلئے اپنے گزشتہ میچ میں دہلی کے مقابل 10 وکٹ کی جامع کامیابی ممکن ہے انھیں بلند حوصلہ رکھنے میں مندد دے گی ۔ دہلی کیخلاف کوہلی کی ٹیم کھیل کے تمام شعبوں میں بیک وقت کامیاب ہوئی اور اب انھیں کل اسی طرح کے پراستقلال مظاہرے کی اُمید رہے گی ۔ تباہ کن بیٹنگ کرنے والے کرس گیل ، کوہلی ، اے بی ڈی ویلیرس جیسے بیٹسمینوں کو اپنی صفوں میں رکھنے والے آر سی بی کو کم ازکم کاغذ پر بیٹنگ کے شعبہ میں کچھ تشویش نہیں ۔ آر سی بی کی بولنگ کا شعبہ یوں تو کمزور نظر آتا رہا لیکن دہلی کے خلاف اُس نے بالخصوص شاندار کارکردگی پیش کی ۔