جئے پور ۔ 4 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : راجستھان اسمبلی کے روبرو احتجاج کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور پولیس کے ساتھ بدسلوکی کے الزام میں کانگریس رکن اسمبلی اشوک چندنا اور دیگر 150 افراد کے خلاف کیس درج کرلیا گیا ہے ۔ پولیس نے آج یہ اطلاع دی اور بتایا کہ اشوک چندنا کے خلاف کل رات ایک کیس درج کرلیا گیا اور بعد ازاں سی آئی ڈی کرائم برانچ میں منتقل کردیا گیا ۔ اشوک چندنا اور دیگر 8 ارکان اسمبلی کو کل اس وقت ڈسپلن شکنی اور ایوان کی کارروائی میں خلل اندازی پر معطل کردیا گیا تھا ۔ جب انہوں نے اسمبلی کے قریب احتجاج کے دوران یوتھ کانگریس کارکنوں پر پولیس لاٹھی چارج کے مسئلہ کو اٹھانے کی کوشش کی تھی ۔ ریاست میں امن و قانون کی ابتر صورتحال ، برقی شرحوں میں اضافہ اور دیگر مسائل پر احتجاج کے دوران صدر پردیش کانگریس سچن پائلٹ چندنا زخمی ہوگئے تھے ۔ اس واقعہ کے بعد چندنا ایک آزاد اور 8 کانگریس ارکان اسمبلی کے ساتھ ایوان پہنچے اور یہ مسئلہ اٹھانے کی کوشش کی لیکن اسپیکر نے اجازت نہیں دی ۔ جب وہ ان کوششوں سے باز نہیں آئے تو گورنمنٹ چیف وہپ کلو لال گجر نے 9 ارکان اسمبلی کی معطلی کے لیے قرار داد پیش کی ۔ جسے ندائی ووٹ سے منظور کرلیا گیا اور اسپیکر کی ہدایت پر مارشلس نے احتجاجی ارکان اسمبلی کو اٹھاکر ایوان سے باہر کردیا جب کہ پولیس نے مختلف دفعات کے تحت مذکورہ ارکان اسمبلی کے خلاف کیس درج کرلیے ۔