رات دیر گئے بریانی کی عدم فراہمی پر ہوٹل مالک پر غنڈہ عناصر کا حملہ

حیدرآباد /4 جنوری ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقہ میں غنڈہ عناصر کی سرگرمیاں عروج پر پہونچ گئی ہیں ۔ رات دیر گئے بریانی نہ دینے پر چند افراد نے ہوٹل مالک کے بشمول عملہ پر حملہ کردیا اور ہوٹل میں توڑ پھوڑ مچاتے ہوئے سامان تباہ کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس محلہ میں ہوٹل لکی ریسٹورنٹ کا مالک سید علی رضا کاظمی شدید زخمی ہوگیا ۔بعد ازاں پولیس نے کارروائی انجام دی تاہم پولیس ایل بی نگر نے اس وقت تک سخت اقدام نہیں کیا جب تک کمشنر نے اس معاملہ پرمبینہ توجہ توجہ نہیں دی ۔ ایل بی نگر پولیس پر الزام ہے کہ پولیس حملہ آوروں پر عملاً سخت اقدام سے گریز کر رہی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ رات دیر گئے ایل بی نگر میں ہوٹل مالک پر حملہ اور غنڈہ گردی کی اطلاع کمشنر رچہ کنڈہ کو ہوئی اور انہوں نے ایل بی نگر پولیس کو سخت اقدام کی ہدایت دی ۔ ذرائع کے مطابق حملہ آور جنہیں پولیس نے گرفتار کرلیا ہے وہ مقامی کارپوریٹر پرشانت نگر گوڑ کے حواری ہیں پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔