رابرٹ وڈرا کی حرکت پر بی جے پی کی تنقید

صحافی کے ساتھ بدسلوکی مایوسی کا نتیجہ ۔ واقعہ غیراہم : کانگریس
نئی دہلی۔ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج رابرٹ وڈرا پر شدید تنقید کی اور کہا کہ ایک صحافی کے ساتھ ان کی بدسلوکی مایوسی کا نتیجہ ہے۔ انہیں محسوس ہونا چاہئے کہ اب ملک میں گاندھی خاندان کی حکمرانی نہیں ہے۔ اس واقعہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ یہ واقعہ کوئی اہمیت نہیں رکھتا۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ وڈرا کل اس وقت شدید برہم ہوگئے تھے جب ایک صحافی نے ہریانہ میں ان کی متنازعہ اراضی معاملتوں پر سوال کیا تھا۔ فائیو اسٹار ہوٹل کے ایک جِم میں ٹی وی چیانل کے ایک رپورٹر نے ان سے جب سوال کیا تو وہ برہم ہوگئے اور مائیک کو نیچے ڈھکیل دیا۔ ٹی وی چیانل پر بتائے گئے راست تصاویر میں وڈرا کو برہمی ظاہر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ وہ رپورٹر سے کہہ رہے ہیں کہ وہ یہاں سے چلا جائے۔ رپورٹر نے ان سے ان کی اراضی معاملت سے متعلق چار مرتبہ سوال کئے، لیکن انہوں نے برہمی ظاہر کی۔ بی جے پی ترجمان نے سبیتا پترا نے کہا کہ رابرٹ وڈرا کا رویہ مایوسی کا مظہر ہے ۔ کانگریس جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ نے وڈرا کی مدافعت کرتے ہوئے کہا کہ ایک چھوٹے سے واقعہ پر میڈیا کے اس طرح واویلا مچانے سے وہ بے چین ہوگئے۔ آخر ایک شہری کے ساتھ غیرضروری میڈیا الجھ رہا ہے۔ اگر انہوں نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے تو سزا دی جائے ۔ کیا ان کے پاس کالا دھن ہے ؟ آخر میڈیا والے ان کی جانب زیادہ توجہ کیوں دے رہے ہیں۔ میڈیا انہیں نشانہ نہ بنائے۔کانگریس نے رابرٹ وڈرا کی بھرپور مدافعت کرتے ہوئے کہا کہ یہ صحافی کی غلطی ہے کہ اس نے غیرضروری مسئلہ کو چھیڑنے کی کوشش کی ۔