رائے دہی کے روز ہڑتال سے عام زندگی متاثر

سرینگر ۔ 7 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) علحدگی پسندوں کے اعلان پر کی گئی ہڑتال سے یہاں عام زندگی ایک بار پھر درہم برہم ہوگئی ۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ شمالی کشمیر کے بارہمولہ حلقہ انتخاب میں رائے دہی کا آج صبح سے ہی آغاز ہوا ہے جہاں سخت سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ دوکانات ، تجارتی ادارے ، پٹرول پمپس وغیرہ بند رہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ بھی سڑکوں سے ندارد تھا جس کا اثر بارہمولہ ، کپواڑہ اور بنڈی پورہ حلقوں پر ہوا۔ حریت کانفرنس نے انتخابات منعقد کئے جانے کے خلاف ہڑتال کا اعلان کیا تھا جس کا مثبت اثر سامنے آیا ۔ ہڑتال کا زیادہ اثر اس لئے محسوس نہیں ہوا کیونکہ رائے دہی کے پیش نظر حکومت نے تعطیل کا اعلان کیا تھا جبکہ وادی کے دیگر علاقوں میں ہڑتال کا کوئی اثر نہیں ہوا جس میں گرمائی دارالخلافہ سرینگر بھی شامل ہے۔ حریت کانفرنس نے ہڑتال کو صرف شمالی کشمیر کے اضلاع تک محدود رکھا تھا۔