نئی دہلی ۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آٹھویں مرحلہ کے بعد 1984ء کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جبکہ 502 حلقوں میں 66.27 فیصد رائے دہی درج کی گئی ہے ۔ اس بار خاتون رائے دہندوں کی تعداد بھی سابق سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ آندھراپردیش میں سب سے زیادہ 73.46 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی جبکہ گذشتہ انتخابات میں یہ 72.63 فیصد تھی۔ جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں بھی گذشتہ کے مقابلہ اس بار رائے دہی کا فیصد زیادہ رہا۔ الیکشن کمیشن ڈائرکٹر جنرل اکشے راوت نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ گذشتہ انتخابات میں 502 لوک سبھا نشستوں کیلئے رائے دہی کا فیصد 57.74 تھا جبکہ اس بار یہ 66.27 فیصد رہا۔ انہوں نے کہا کہ پوسٹل بیالیٹ کو شامل کرنے کے بعد فیصد میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان 502 حلقوں میں 1984ء میں سب سے زیادہ 64 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی تھی لیکن اس بار رائے دہی کا فیصد اس سے زیادہ یعنی 66.27 رہا۔