رائے دہندوں سے وابستگی کیلئے عام آدمی پارٹی کا ’’دہلی ڈائیلاگ‘‘

نئی دہلی ۔ 12 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی اسمبلی انتخابات سے قبل عام آدمی پارٹی نے اپنے ووٹرس سے وابستگی اختیار کرنے کیلئے ’’دہلی ڈائیلاگ‘‘ کے نام سے ابتدائی اقدامات کرتے ہوئے ایک اچھی کوشش کی ہے جس کے تحت ووٹرس سے یہ معلوم کیا جائے گا کہ وہ ا پنے شہر کو کیسا دیکھنا پسند کریں گے۔ اس اقدام کا مطلب یہ ہے کہ اس طرح سماج کے ہر طبقہ سے قریب تر ہوا جائے چاہے وہ پروفیشنلز ہوں، گھریلو خواتین ہوں، نوجوان ہوں یا کوئی اور۔ دریں اثناء پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ عوام کو عام آدمی پارٹی سے کیا توقعات وابستہ ہیں اور وہ اپنی دہلی کو کس طرح دیکھنا پسند کریں گے ۔