رائے بریلی میں سونیا گاندھی کا عوام سے تبادلہ خیال

شکایات کی سماعت اور درخواستوں کی وصولی
رائے بریلی۔ 2 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج شمسی توانائی پر مبنی ہے۔ منی واٹر پمپ سسٹم کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے انتخابی حلقہ کے عوام سے اپنے دورہ کے دوسرے دن تبادلہ خیال کیا۔ صبح میں سونیا گاندھی نے بھوئی ماؤ گیسٹ ہاؤز میں عوام سے ملاقات کی اور ان کی شکایات کی سماعت کی۔ ان کی درخواستیں وصول کیں۔ بعدازاں انہوں نے شمسی توانائی پر مبنی چھوٹے آبی پمپ نظام کا سناحی دیہات میں افتتاح کیا اور اس کے بعد مختلف دیہاتوں کا دورہ کیا۔ پریتمبرپور کے قریب ایک عمر رسیدہ کانگریس کارکن سوریہ ناتھ سنگھ نے اپنے علاج کے لئے ان سے مدد فراہم کرنے کی درخواست کی جس پر انہوں نے عہدیدار برائے خصوصی فرائض کو ضروری مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ بھاڈوکبر دیہات میں ایک خاتون اور دیگر دیہاتیوں نے بچوں کے لئے ایک ہائی اسکول کا مطالبہ کیا۔ علاوہ ازیں انہیں برقی توانائی اور سربراہی آب برائے آبپاشی کے مسائل کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ سونیا گاندھی نے انہیں تیقن دیا کہ وہ اس مسئلہ پر حکومت سے بات کریں گی۔ مادھوپوری دیہات کے قریب چوپال میں ایک زیرتعمیر ایمس کی عمارت کے پاس مقامی عوام نے دریافت کیا کہ کیا انہیں اپنی اراضی کے عوض ملازمتیں حاصل ہوں گی جو طبی ادارہ قائم کرنے کیلئے ان سے حاصل کی گئی ہیں۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ اس سلسلے میں کوششیں جاری ہیں۔