ولنگٹن ۔ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے متنازعہ بیٹسمین جے سی رائیڈر کو ورلڈ کپ میں شرکت کرنے کا ایک موقع آج سلیکٹروں نے فراہم کیا ہے جیسا کہ انہیں آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنے والی نیوزی لینڈ اے ٹیم میں شامل کیا گیا۔ رائیڈر کو میدان کے باہر متعدد تنازعات بشمول الکحل واقعہ کی وجہ سے ٹیم سے باہر رہنا پڑا ہے اور انہوں نے فبروری میں آخری مرتبہ ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔ علاوہ ازیں آکلینڈ میں مئے نوشی کے بعد کلب میں مارپیٹ کی وجہ سے وہ دواخانہ میں بھی شریک رہے تھے۔ رائیڈر نے انگلش کاونٹی میں ایسکس کی کامیاب نمائندگی کرتے ہوئے 37.08 کی اوسط سے رنز اور 18.09 کی اوسط سے وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ اب وہ متحدہ عرب امارات کا کامیاب دورہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں واپسی کرسکتے ہیں۔