رائچور 7 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کرناٹک کے اپ لوک آیوکت جنہوں نے پیر کے دن شہر رائچور کے مختلف علاقوں اور محلوں کا معائنہ کیا انہوں نے جگہ جگہ گندگی وکوڑا کرکٹ کے ڈھیر اور خراب سڑکوں کو دیکھ کر منی میونسپل کونسل رائچور کی ناقص کارکردگی اور عہدہ داران کی لاپرواہی و غفلت پر اپنی سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس گندگی سے عوام کی صحت کو شدید نقصان پہنچتا ہے اور میونسپل عہدیداروں کی غیر ذمہ داری کی ایک مثال ہے۔ انہوں نے سٹی میونسپل کمشنر بسپا اور ماحولیاتی انجینئر ملیکارجن کو ہدایت دی کہ وہ شام تک تمام ڈرینس و نالیوں کی مکمل صفائی کروادیں ۔ انہوں نے لوک آیوکت پولیس آفیسر کو ہدایت دی کہ اگر متعلقہ میونسپل عہدیداران کی جانب سے اس حکم کی تعمیل نہیں کی گئی اور کچھ بھی کام باقی رہ گئے تو وہ متعلقہ عہدیداران کو ذمہ دارٹھہرائیں۔ سدی پیٹ کے ساکنان نے اس موقع پر اپ لوک آیوکت سے کہا کہ کے محلہ میںکوئی پبلک ٹائلٹ نہیں ہے۔ انہوں نے ان سے درخواست کی کہ وہ وہاں پبلک ٹائیلٹس تعمیر کروادیں کیونکہ اس علاقہ کے تمام غریب عوام ضرورت سے فارغ ہونے کیلئے کھلے میدانوں میں اور سڑکوں کے کنارے بیٹھ جاتے ہیں۔ عورتوں اور لڑکیوں کیلئے اور بھی سخت دشواری ہے کیونکہ انہیں ضرورت سے فارغ ہونے کے لئے رات ہونے تک انتظار کرنا پڑتا ہے ۔اس موقع پر میونسپل عہدیداران نے کہا کہ پبلک ٹائیٹ تعمیرکرنے کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے اس پر مسٹر نجگے نے کہا کہ ساکنان محلہ جس جگہ پر جاکر ضرورت سے فارغ ہورہے ہیںوہیں پر پبلک ٹائیلٹس تعمیر کئے جائیں۔ اپ لوک آیوکت مسٹر مجگے نے اس موقع پر اچانک ڈسٹرکٹ سیول ہاسپٹل کا بھی معائنہ کیا۔ یہ ہستپال رائچور کے انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کیلئے ایک تدریسی ہستپال بھی ہے۔
انہوں نے مریضوں سے ملاقات کر کے دریافت کیا کہ ہسپتال اسٹاف ان کی صحیح دیکھ ریکھ کررہا ہے یا نہیں۔ یاپھر علاج معالجہ کیلئے رقمی مطالبہ تو نہیں کیا جارہا ہے۔ تقریبا تمام مریضوں نے ا س موقع پر طمانیت کا اظہار کیا کہ ان کا علاج صحیح ہوتا ہے اور ہسپتال عملہ کا برتاو بھی صحیح ہے لیکن ہسپتال کا معائنہ کرتے ہوئے مسٹر مجگے وہاں کے گندے ٹائیلٹس کی خراب ترین حالت کو دیکھ کر سخت پریشان ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تصور نہیں کرسکتے کہ لوگ کس طرح ان ٹائیلٹس کو استعمال کررہے ہیں اور خاص طور پر خواتین کس طرح ان گندے ٹائیلٹس کو استعمال کرتی ہیں۔انہوں نے متعلقہ عہدیدارن کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر ان ٹائلیٹس کی مکمل صفائی کروائیں ۔ مسٹر جگے نے اس موقع پر صحیفہ نگاران سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جو عہدیداران اپنی خدمات صحیح طور پر انجام نہیں دیں گے وہ ان کے خلاف کارروائی کریں گے ۔ انہوں نے اس موقع پر کئی تحریری شکایتیں بھی پڑھیں اور کہا کہ میں نے کئی رہائشی علاقوں کا معائنہ کیا ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہیکہ یہاں کوڑا کرکٹ اور نالیوں و ڈرینج کی صفائی صحیح طور پر نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل عہدیداران کے مختلف کاموں کی تکمیل کیلئے انہوں نے ایک مدت اور وقت مقرر کردیا ہے اور اگر وہ اس مدت اور وقت میں اپنی ذمہ داریوں کو پورا نہیں کریں گے تو وہ انہیں ذمہ دار ٹھہرائیں گے اور ان کے خلاف مناسب کارروائی کرنے کا حکم دیں گے ۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس لوک آیوکت امبنا چپار، ڈی ایس پی ایس بی پاٹل، سرکل انسپکٹر ونود مقتدر اور دیگر عہدیدران اس موقع پر موجود تھے۔