رئیل اسٹیٹ بل پر آج راجیہ سبھا میں مباحث

اپوزیشن کی شدید مخالفت ، حکومت کیلئے مشکل صورتحال
نئی دہلی ۔4مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) راجیہ سبھا میں امکان ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان رئیل اسٹیٹ قانون کے سلسلہ میں زور آزمائی ہوگی ۔رئیل اسٹیٹ بل کو مباحث کیلئے کل راجیہ سبھا میں پیش کئے جانے کا امکان ہے جب کہ اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس نے اس کے خلاف آواز اٹھائی ہے ۔ راہول گاندھی نے ہفتہ کے دن فلائیٹس خریدنے والوں سے ملاقات کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ اُن کی پارٹی اس بل کی مخالفت کرے گی جس کے ذریعہ حکومت رئیل اسٹیٹ بزنس کرنے والوں کو فائدہ پہونچانا چاہتی ہے ۔ راجیہ سبھا میں کئی رکاوٹوں کا سامنا درپیش ہونے کی وجہ سے حکومت اس قانون کو گذشتہ چہارشنبہ ملتوی کردینے پر مجبور ہوگئی تھی جب کہ اپوزیشن نے اصرار کیا تھا کہ اسے پارلیمنٹ کی سلکٹ کمیٹی کے سپرد کردیا جائے ۔ اپوزیشن کے اندیشوں کی بناء پر مرکزی وزیر برائے شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو نے اُس وقت کہا تھا کہ یہ قانون ملتوی کیا جارہا ہے تاکہ حکومت کو مختلف سیاسی پارٹیوں کے ساتھ مشاورت کی مہلت مل سکے ۔