کریم نگر میں تہنیتی تقریب سے ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر کا خطاب
کریم نگر۔/7فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملازمین کی حوصلہ افزائی، معاشی ضروریات کی تکمیل اور معیار زندگی میں اضافہ کے لئے تلنگانہ حکومت نے 43فیصد فٹمنٹ سے پی آر سی کا اعلان کیا ہے۔ ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے یہ بات کہی۔ پی آر سی کے اعلان پر حکومت سے اظہار تشکر کے لئے نان گزیٹیڈ عہدیداروں کی انجمن ضلعی شاخ کے زیر اہتمام جمعہ کی شام ایک تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر وزیر ایٹالہ راجندر کو پرجوش انداز میں تہنیت پیش کی گئی اور انہیں مبارکباد پیش کی گئی۔ اس موقع پر ایٹالہ راجندر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سماجی ترقی اور معیار زندگی میں اضافہ کے لئے سرکاری ملازمین کا کلیدی رول ہوتا ہے۔ سرکاری پروگراموں، اسکیمات سے عوام بالخصوص مستحقین کو استفادہ پہنچانے کی تمام تر ذمہ داری ملازمین پر ہی عائد ہوگی۔ اس لئے ملازمین پوری طرح سے خلوص و اطمینان کے ساتھ فرائض انجام دے سکیں اس خیال کے مدنظر کے سی آر نے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کردینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہ کہ چیف منسٹر کے سی آر نے وعدہ کے مطابق 43فیصد فٹمنٹ دے کر ایک مثال قائم کردی ہے اور یہ تلنگانہ ٹی آر ایس حکومت کا قابل فخر کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے اعلان پر جتنی خوشی اور مسرت کا احساس ہوا تھا اب پی آر سی کے اعلان پر بھی اتنی ہی مسرت اور خوشی حاصل ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور ملازمین علحدہ نہیں ہیں، ملازمین کو چاہیئے کہ وہ عوام کی زندگیوں میں خوشحالی اور اطمینان کے مقصد سے ذمہ دارانہ کام کریں۔اس موقع پر زیڈ پی چیرپرسن تلا اوما نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کا خواب پورا کرنا ملازمین کی ذمہ داری ہوگی۔انجمن کے ضلع صدر پون کمار کے ساتھ ملازمین نے پرجوش انداز میں گلدستے پیش کرتے ہوئے مومنٹو پیش کیا اور شال اڑھاکر تہنیت پیش کی۔ ٹی این جی اوز ضلع صدر ایم حامد کی صدارت میں منعقدہ اس تقریب میں سابق ایم ایل سی نارا داس لکشمن راؤ، میئر سردار رویندر سنگھ، کارپوریٹر سنیل راؤ، سرینواس، ٹی پروبھاوتی، نگیش، مدیراج، رائیکل ، ویشو نرسیا راجیا، نرسمہا نے شرکت کی۔