دیہی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح

گمبھی راؤ پیٹ ۔ یکم مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی سرسلہ ترقیاتی کاموں می آئندہ دنوں سرفہرست رہے گا ۔ دیہاتوں میں مقیم عوام کو ان کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ہی حکومت کا اولین فریضہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر پنچایت راج ‘ انفارمیشن ٹکنالوجی تارک راما راؤ نے کیا ۔ وزیر موصوف نے آج یہاں اپنے نصف روزہ دورہ پر گمبھی راؤ پیٹ تشریف لائے تھے ‘ جہاں انہوں نے بیک وقت 200 کروڑ روپئے مالیتی ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا ۔ بعد ازاں مقامی گائتری فنکشن ہال میں عوام کو مخاطب کیا اور کہا کہ نوتشکیل شدہ ریاست تلنگانہ میںچیف منسٹر چندرشیکھر راؤ مختلف اسکیمات کو روبہ عمل لاتے ہوئے اہم اقسام کے ترقیاتی کاموں کو انجام دے رہے ہیں ۔ وزیر موصوف اپنے خطاب میں آندھرائی حکمرانوں کے سبب علاقہ تلنگانہ میں ہوئی ناانصافیوں کا ذکر کیا اور کہا کہ کانگریس دور اقتدار تلنگانہ کے اضلاع میں صرف 25لاکھ افراد کو ہی ماہانہ وظائف دیئے جاتے تھے لیکن اب نوتشکیل شدہ ریاست تلنگانہ کے بعد 37لاکھ افراد کو مختلف اسکیمات کے تحت ماہانہ وظائف ادا کئے جارہے ہیں ۔ ریاست کے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے بیڑی مزدور خواتین کو ممکنہ مدد کیلئے ریاست بھر میں 3لاکھ 75ہزار بیڑی مزدور خواتین کو ماہانہ وظائف دینے کا نشانہ مقرر کیا ‘ جن میں اب تک 2لاکھ 60ہزار بیری مزدور خواتین کو ماہانہ وظیفہ منظور کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مختلف مدارس اور ہاسٹلوں میں تعلیم پانے والے غریب بچوں کو باریک چاول فراہم کررہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے کسانوں کو معاشی بحران سے نجات دلوانے کیلئے کے سی آر نے گذشتہ سال ژالہ باری ‘ طوفانی ہواؤں سے ہوئے نقصانات کا معاوضہ ادا کرنے کیلئے 480کروڑ روپئے منظور کئے ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی ضروریات کی تکمیل کیلئے حسب ضرورت پانی کو تالابوں میں ذخیرہ کرنے کیلئے ریاست بھر کے 46ہزار تالابوں سے مشن کاکتیہ کے تحت مٹی کی نکاسی کا منصوبہ ہے ۔ فی الحال اس سال 9 ہزار تالابوں سے مٹی کی نکاسی کا کام انجام دیا جارہاہے ۔انہوں نے کہا کہ غریب ہونہار طلبہ کو بغیر کسی رکاوٹ کے تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کیلئے اسکالرشپ ‘ فیس ریمبرسمنٹ کے بقایا جات کی ادائیگی کیلئے 1,162 کرور روپئے منظور کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تلنگانہ سرکار تمام طبقات کے لئے یکساں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے غریب مسلم لڑکیوں کی شادی کیلئے 51ہزار روپئے شادی مبارک اسکیم کو متعارف کیا ۔ انہوں نے کہا کہ لکشمی کلیانہ منڈپم اور شادی مبارک اسکیم کے تحت گمبھی راؤ پیٹ کو 57لاکھ روپئے رقمی منظوری عمل میں آئی ۔ اس موقع پر سابق زیڈ پی ٹی سی رکن ملوگاری نرسا گوڑ کی نمائندگی پر وزیر موصوف نے گمبھی راؤ پیٹ میں عنقریب آر ٹی سی بس ڈپو ‘ سب ٹریژری آفس کے علاوہ ڈگری کالج کی زاتی عمارت کی منظوری کا یقین دیا ۔ اس موقع پر زیڈ پی ٹی سی ملوگاری پدما ‘ ایم پی پی سایوا ‘ کوآپشن رکن سروا پارتھا ‘ ایم پی ٹی سی کملاکر ریڈی ‘ کوآپشن رکن منڈل پریشد محبوب علی کے علاوہ دیاکر راؤ ‘ لنگم یادو ‘ جمشید علی ‘ ولایت ‘ عبدالوحید ‘ احمد وغیرہ موجود تھے ۔