دیہاتوں کی خوشحالی، تالابوں کی ترقی سے مربوط

سرسلہ میں کاکتیہ مشن پروگرام سے آئی جی نوین چند کا خطاب
سرسلہ۔/14مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دیہی مقامات کی ترقی میں تالابوں کا کلیدی حصہ ہوتا ہے، ان تالابوں کو ہمیشہ پانی سے لبریز رکھنے اور ان کی حفاظت کیلئے محکمہ پولیس بھی حصہ لے گا۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی آئی جی نوین چند نے کیا۔ سرسلہ منڈل، چالنگا پور موضع کے ایلما تالاب کی ترقی کیلئے مشن کاکتیہ کے تحت منعقدہ پروگرام سے آئی جی مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ مواضعات میں رہنے والی زیادہ تر آبادی پیشہ زراعت سے وابستہ ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ کسانوں کی مشکلات سے مجھے واقفیت ہوئی ہے، تلنگانہ علاقہ زیادہ تر خشک ہے، تالابوں میں پانی آنے پر ہی کاشتکاری ہوسکتی ہے۔ زراعت کی ترقی آبپاشی پر ہی منحصر ہے۔اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے مشن کاکتیہ کی شروعات کی ہے۔ اس پروگرام میں محکمہ پولیس کے حصہ لینے پر مجھے خوشی حاصل ہورہی ہے۔ سب سے پہلے سرسلہ پولیس نے اس پروگرام میں حصہ لیا ہے اور ایلما چیرو کی ترقی کی ذمہ داری لے لی ہے جو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندرون ہفتہ اس پروگرام کو پورا کرلیا جائے گا۔ کاموں کے اختتام کے بعد اس کا معائنہ بھی کیا جائے گا۔ ڈی آئی جی ملا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی کیلئے حکومت کا شروع کردہ پروگرام مشن کاکتیہ کو کامیابی کیلئے عوام کا بھرپور تعاون ضروری ہے اور ایس پی سبا رائیڈو نے کہا کہ تالابوں کی ترقی سے دیہاتوں کی ترقی و خوشحالی مربوط ہے۔ پولیس کی جانب سے دیہی ترقی کے دیگر پروگراموں میں بھی حصہ لیا جائے گا۔ ضلع ایس پی شیوا کمار نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے دیہی ترقی میں حصہ لینے کی محکمہ پولیس کو اجازت باعث مسرت ہے۔اس موقع پر پولیس کی کلچرل ٹیم نے اپنا پروگرام بھی پیش کیا۔