بلیا۔2مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) برسراقتدار بی جے پی رام مندر کے مسئلہ پر پیچھے نہیں ہٹی ہے ۔ یہ ادعا کرتے ہوئے مرکزی وزیر مملکت برائے کمیکلس و فرٹیلائیزرس ہنس راج گنگا رام اہیرنے آج کہا کہ مندر ایودھیا میں ہی تعمیر کیا جائے گا اور اس کی تعمیر کیلئے ’’دیگر ذرائع‘‘ استعمال کئے جائیں گے ۔ انہوں نے جو دوہابھرا دیہات میں ایک تقریب میں شرکت کیلئے آئے ہوئے تھے ‘ کہا کہ یہ ہمارے انتخابی منشور میں شامل تھا اور ہمارے وقار کا مسئلہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سادھو اورمہنت اس سلسلہ میں اپنا کام کررہے ہیں ۔ ہندو اور مسلم قائدین بھی حکومت سے ملاقات کررہے ہیں ‘فیصلہ کیا گیا ہے کہ جب بھی ممکن ہو مندر ایودھیا میں تعمیر کیا جائے گا ‘مسجد نہیں ۔ جب مزید سوالات کئے گئے تو انہوں نے کہا کہ رام مندر مسئلہ پر ہمیشہ تفصیل میں جانا مناسب نہیں تاہم دیگر ذرائع سے مندر کی تعمیر کا فیصلہ ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سب سے ساتھ ‘ سب کا وکاس نعرے پر کاشت کاروں اور بیروزگاروں کی فلاح و بہبود کیلئے عمل کررہی ہے ۔