میرٹھ ؍ بریلی ۔ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے دیوبند اور پڑوسی علاقوں میں دہشت گرد عناصر سرگرم ہونے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں اور اس پس منظر میں پولیس عنقریب اس حساس ٹاؤن کے ساتھ ساتھ سہارنپور اور مظفرنگر میں ضلع سطح پر ہزاروں پاسپورٹ ہولڈرس کی تصدیق و توثیق کی مہم شروع کرے گی۔ یہ عمل دو مشتبہ بنگلہ دیشی دہشت گردوں کی حالیہ گرفتاری کے تناظر میں ترتیب دی جارہی ہے، جو دیوبند کے پتوں سے ہندوستانی پارسپورٹس حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ سہارنپور ڈی آئی جی کے ایس ایمانیول کا کہنا ہیکہ یہ معاملہ صرف دیوبند یا کوئی مخصوص کمیٹی تک محدود نہیں ہے۔ پاسپورٹ رکھنے والوں کے تعلق سے جانچ پڑتال اور تصدیقی سرگرمی سارے مظفرنگر اور سہارنپور میں کی جائے گی کیونکہ ہمیں ایسی اطلاعات ملی ہیں کہ وہاں دہشت گرد عناصر روپوش ہوسکتے ہیں۔ ماضی میں ایسا ہوا ہیکہ بعض افراد مشتبہ تفصیلات کے ساتھ پائے گئے۔ درحقیقت بنگلہ دیشی دہشت گرد جسے اگست میں مظفرنگر سے گرفتار کیا گیا، اس نے اپنا پاسپورٹ سہارنپور میں بنوایا تھا۔ لہٰذا ہم احتیاط سے کام لیتے ہوئے حالات کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس خطہ کے تمام پاسپورٹ ہولڈرس کے بارے میں جانکاری حاصل کریں گے۔ اگست میں یو پی اے ٹی ایس نے بنگلہ دیشی شہری عبداللہ المامون کو گرفتار کیا تھا جو ممنوعہ تنظیم انصاراللہ بنگلہ ٹیم کا رکن بتایا گیا۔ عبداللہ، مظفر نگر سے اپنی گرفتاری سے قبل کئی سال دیوبند میں مقیم رہا تھا۔