دینی مدارس کے طلبہ کو عصری تعلیم سے ہم آہنگ کرنے کی مساعی

سروا سکھشا ابھیان کریم نگر کی جانب سے امداد کیلئے نظماء سے درخواستیں مطلوب
کریم نگر /3 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسٹر بی راجہ مولی ضلعی پراجکٹ آفیسر (ایس ایس اے) کریم کے بموجب ایسے دینی مدارس جہاں 6 تا 14 سال کے طلبہ کو مذہب اسلام کی تعلیم اقامتی یا غیر اقامتی طرز پر دی جا رہی ہے، متعلقہ نظماء کو مطلع کیا جاتا ہے کہ مدارس کی امداد کے لئے درخواستیں مطلوب ہیں۔ ایس ایس اے کے مقاصد کے تحت دینی مدارس کے 6 تا 14 سال کے طلبہ کو دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم بھی فراہم ہوسکے اور انھیں ملک کی ترقی میں مددگار شہری بننے کا اعزاز حاصل ہو سکے۔ موجودہ مسابقتی دور کے لحاظ سے مذہبی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم بھی ضروری ہے۔ ایسے مدارس جو سال گزشتہ تک ایس ایس اے کی جانب سے امداد حاصل کر رہے تھے یا ایسے مدارس جو ایس ایس اے کی جانب سے دی جانے والی امداد کے خواہش مند ہیں، درج ذیل شرائط کی تکمیل کرتے ہوئے 9 اگست تک ایس ایس اے کریم نگر کے دفتر پر درخواست داخل کریں۔ شرائط یہ ہیں: دینی مدارس کے طلبہ ہمہ وقتی دینی تعلیم حاصل کرتے ہوں اور وہ کسی دوسری عصری مدرسہ میں تعلیم حاصل نہ کرتے ہوں۔ دینی مدارس کے لئے ضروری ہے کہ انھیں ہر روز کم از کم ڈھائی گھنٹے کی عصری تعلیم جیسے ریاضی، سائنس، انگریزی وغیرہ پڑھانے کا انتظام کرنا ہوگا۔ جو دینی مدارس سروا سکھشا ابھیان کے تحت امداد حاصل کرنا چاہتے ہوں تو ایسے مدارس کے طلبہ و طالبات کو چاہئے کہ وہ قریبی سرکاری اردو میڈیم مدارس میں داخلہ کروائیں۔ مدارس کا سوسائٹی کے تحت رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے اور رجسٹریشن کی زیراکس کاپی درخواست کے ساتھ منسلک کرنا ہوگا۔ دینی مدارس کے طلبہ کے لئے سہ ماہی، ششماہی اور سالانہ امتحانات کا انعقاد عصری تعلیم میں کریں۔ دینی مدارس کے ایسے طلبہ جو دسویں جماعت کا امتحان لکھنے کے اہل ہوں، انھیں اوپن اسکول کے تحت شرکت کروائیں، جب کہ امتحانات کی فیس ایس ایس اے کی جانب سے ادا کی جائے گی۔ دینی مدارس کے طلبہ کو دینی تعلیم کی تکمیل کے بعد ان کو عصری تعلیم جاری رکھنے کے لئے عصری مدارس اور کے جی بی وی میں داخلہ دلوائیں۔ مدارس میں کم از کم سہولیات ہوں، جیسے پینے کا پانی، بیت الخلاء، طہارت خانہ، الکٹریسٹی اور کم از کم دو کمرے ہوں۔ ایس ایس اے کی جانب سے منعقد کی جانے والی دو ماہی میٹنگ میں مدارس کے نظماء کی شرکت لازمی ہے۔ دینی مدارس میں عصری تعلیم کا درس دینے کے لئے ودیا والنٹیرس کی کم از کم تعلیمی قابلیت ٹی ٹی سی، ڈی ایڈ یا بی ایڈ کامیاب ہوں۔ دینی مدارس میں عصری تعلیم کا درس دینے والے ودیا والنٹیرس کو ماہانہ 5000 روپئے آنوروریم دی جائے گی۔ ودیا والنٹیرس کو ایس ایس اے کی جانب سے عصری تعلیم کے ضمن میں دی جانے والی ٹریننگ میں شرکت لازمی ہے۔ مدارس میں مندرجہ بالا شرائط کی تکمیل نہ ہونے کی صورت میں بغیر کسی اطلاع کے کسی بھی وقت امداد منسوخ کی جائے گی۔ درخواست دفتر ضلعی پراجکٹ آفس ایس ایس اے کریم نگر پر دفتر کے اوقات میں 9 اگست سے قبل داخل کریں۔ جو مدارس ایس ایس اے کے تحت امداد حاصل کرتے ہوں، ان کو مفت درسی کتابیں، دوپہر کا کھانا، سی سی ای مٹیریل اور دیگر سہولیات بہم پہنچایا جائے گا۔ ایس ایس اے کی جانب سے 7 اگست کو پرائمری اسکول مکرم پورہ کریم نگر میں صبح دس بجے نظماء و ذمہ داران کی میٹنگ رکھی گئی ہے، لہذا نظماء سے خواہش کی جاتی ہے کہ وقت مقررہ پر شرکت کریں۔ مزید تفصیلات کے لئے جناب افضل محی الدین اے ایم او اردو سے سیل نمبر 9908690647 پر ربط پیداکریں۔